آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے منظر عام پر لانے کی درخواست 50ہزار روپے جرمانے کیساتھ خارج
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے آئی ایم ایف کے معاہدوں کو منظر عام پر لانے کی درخواست غیر ضروری قرار دیتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانے کے ساتھ خارج کر دی، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے قرار دیا کہ حکومتی پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے ۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ایڈووکیٹ طالب حسین میکن کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان میں 1958 سے اب تک آئی ایم ایف سے کیا گیا کوئی بھی معاہدہ سامنے نہیں آیا۔ حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے خفیہ رکھے ہوئے ہیں۔ آئی ایم ایف سے حاصل کیے گئے تمام قرض کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے ۔ وفاقی حکومت اور دیگر فریق اپنی جیب سے قرض کی رقم ادا کریں۔ عدالت درخواست گزار کی پاکستان میں موجود آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات کروانے کا حکم دے جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے کہ آپ کو اقتصادیات کاکیا علم ہے جو آپ کی آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کا حکم دیا جائے ؟۔