دفاعی نمائش ختم،82معاہدوں پر دستخط، 75ہزارافراد کی شرکت
کراچی (خبر ایجنسیاں)کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری بارہویں عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی ۔ سامان حرب کی نمائش کے دوران 82 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط،50 سے زائد ممالک نے حصہ لیا، جبکہ 350 سے زائد غیر ملکی وفود نے شرکت کی۔
اختتامی تقریب میں تینوں مسلح افواج سمیت غیرملکی مندوبین اوردفاعی اتاشی شریک ہوئے ۔ شرکا نے یک زباں ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔ مسلح افواج کے دستوں کے بینڈز نے شاندار سلامی دی۔ سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل(ر)چراغ حیدرنے ڈائریکٹر جنرل ڈپومیجر جنرل اسدنواز خان کے ہمراہ جمعہ کو کراچی ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش آئیڈیاز کے اختتام پر پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن ڈپو بریگیڈیئرعلی عادل بھی موجود تھے ۔ جبکہ دفاعی نمائش کی اختتامی پریس کانفرنس کی تقریب میں غیرملکی مندوبین بھی شریک تھے ۔ سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل(ر) چراغ حیدر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 75 ہزار افراد نے نمائش میں شرکت کی، جو نہایت خوش آئندہے ،خوشی ہے پہلی بار ایران نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے بتایا کہ 13 ویں آئیڈیاز نمائش 24 نومبر سے 27 نومبر 2026 میں منعقد کی جائے گی۔گزشتہ 3 برس میں دفاعی سامان کی برآمدات سے 1.30 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں اوردفاعی سامان کی برآمدات سالانہ 45 کروڑ ڈالر رہیں، جبکہ آنے والے کچھ مہینوں میں آرڈرز بھی فائنل ہونگے ،آئندہ بم پروف گاڑیاں بھی برآمد کی جائینگی۔ ڈائریکٹرجنرل ڈپو میجرجنرل اسدنواز خان نے کہا کہ میں ملکی اوربیرون ممالک کے وفود کا شکریہ ادا کرونگا جنہوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی نمائش میں شہپر 3 جدید لڑاکا ڈرون کا آرمی چیف نے افتتاح کیا۔ پریس کانفرنس کے اختتام پرانٹرنیشنل کیٹیگری میں سب سے بڑے ہال کی جگہ لینے پر ترکی کو ایوارڈ دیا گیا ۔ انٹرنیشنل کیٹیگری میں دوسرے نمبر پر چین ،مقامی نیشنل کیٹیگری میں ہیوی انڈسٹری ٹیکسیلا کو ایواڈ دیا گیا ۔ ڈیزائن اور ڈسپلے میں انٹرنیشل کیٹیگری میں ایران کو ایوارڈ ملا۔ مقامی ڈیزائن اور ڈسپلے میں مقامی این آر ٹی ایس کو ایوارڈ دیا گیا۔ آئیڈیاز میں نئی کیٹیگری میں اسٹارٹ اپ میں بھی ایوارڈ دئیے گئے ۔
اسٹارٹ اپ میں نسٹ کو ایوارڈ دیا گیا۔میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی جی ڈپو نے بتایا کہ سوئٹزر لینڈ کے ساتھ 10 ارب روپے کا معاہدہ ہوا ہے ۔ دفاعی نمائش کے دوران پاکستان آرڈننس فیکٹری کی جانب سے پہلی مرتبہ خودکش ڈرون متعارف کرایا گیا۔ سبزرنگ کا بوتل نما بم اپنے چھوٹے سے وجود میں مکمل تباہ کاری کا حامل ہے ۔ 6ہزارفٹ کی بلندی تک اڑان کی صلاحیت کا حامل یہ اڑتا بم 60اور81ایم ایم کے بم اپنے ساتھ لے جاسکتا ہے ۔پی اوایف کے منیجرویپن ڈیزائن سلمان علی خان کے مطابق پاکستانی ساختہ سرویلنس اورکومبیٹ ڈرون توپہلے سے ہی موجود تھے ،جن میں گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ ضرورت کے تحت تکنیکی بہتری لائی گئی البتہ تھرمل امیجن اورخودکش ڈرون کا اضافہ پہلی مرتبہ کیا گیا ہے ۔ خودکش ڈرون 8کلومیٹرتک ہدف کونشانہ بناسکتا ہے ۔ خودکش ڈرون میں یہ صلاحیت بھی رکھی گئی ہے کہ ضرورت پڑنے پرزمین کے انتہائی قریب سے اڑان بھرتے ہوئے دشمن کوگولہ بارود کے ذریعے نشانہ بناسکتا ہے ۔