سکیورٹی فورسز کے بلوچستان اور پختونخوا میں4آپریشن،7دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز کے بلوچستان اور پختونخوا میں4آپریشن،7دہشتگرد ہلاک

اسلا م آباد (سٹاف رپورٹر،دنیانیوز)سکیورٹی فورسز کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں 4مختلف کارروائیوں کے دوران 7خوارجی دہشت گرد مارے گئے ۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین خوارج مارے گئے اور دو زخمی ہوئے ۔مارے جانے والے خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا مارے جانیوالے خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے ۔علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کو ختم کرنے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 20 سے 22 نومبر کے دوران بلوچستان میں تین مختلف کارروائیوں میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آواران آپریشن میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشت گرد ہلاک ہوئے ، یہ دونوں ہائی ویلیو ٹارگٹ تھے جن کی شناخت نیاز عرف گھمن اور ظریف عرف شاہ جہاں کے طور پر ہوئی۔ڈیرہ بگٹی میں آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔کیچ ضلع میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران ایک اور دہشت گرد مارا گیا۔ہلاک ہونے والے دہشت گرد کئی دہشت گردانہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے ۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو صوبے کا امن و امان خراب کرنے اور ترقی کا سفر متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے جوانوں پر فخر ہے ، انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں