پشاور ہائیکورٹ میں ہنگامہ، ایڈووکیٹ جنرل اور وکلا الجھ پڑے ، ججز اٹھ گئے
پشاور(آئی این پی )پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی احتجاج کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل اور وکلا الجھ پڑے تو ججز سماعت ادھوری چھوڑ کر چلے گئے ۔
پی ٹی آئی احتجاج کے خلاف کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ارشدعلی اور جسٹس وقار احمد نے کی۔ججز نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا الزام ہے کہ صوبائی حکومت سرکاری وسائل لے کر اسلام آباد جاتی ہے ، کیا صوبائی حکومت نے ہدایت جاری کی ہے کہ مشینری کا استعمال کیا جائے ، جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ یہ غلط بیانی ہے ، حکومت نے کوئی ہدایت نہیں دی اس لیے درخواست قابل سماعت نہیں، خارج کی جائے ۔جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دئیے کہ ایسا احتجاج نہ ہو کہ سڑکیں بند ہو ں لوگوں کو مشکلات نہ ہو ، جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے 800 کنٹینرز لگا رکھے ہیں، شہری حقوق سلب ہورہے ہیں ۔ جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دئیے کہ عوام صوبائی اور مرکزی حکومت دونوں سے تنگ ہیں۔