کل کا احتجاج روکنے کیلئے طاقت استعمال کی جائے ، انجمن تاجران
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران کی سپریم کونسل کے چیئرمین نعیم میر نے کل 24 نومبر کے احتجاج کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے ریاست سے مطالبہ کیا ہے مظاہرین کو روکنے کیلئے بھرپور طاقت استعمال کی جائے ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کسی بھی سیاسی جماعت کو اجتماع کرنے کی مادر پدر آزادی نہیں ملنی چاہیے ، ایسا اجتماع جس کا نتیجہ شر ، فساد اور جلاؤ گھیراؤ ہو اُسے قابل گرفت ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا شاہراہ بند ،کاروبار بند ، ٹرانسپورٹ بند ،انٹرنیٹ بند ، یہ کس قسم کا آزادی رائے کا اظہار ہورہا ہے ؟، ملک بھر کے تاجروں کو نقص امن کے شدید خدشات لاحق ہیں، ریاستی ادارے تاجروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔نعیم میر نے کہا احتجاجیوں کو اسلام آباد پہنچنے سے روکا اور درالخلافے کو مفلوج کرنے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ریاست فسادی ٹولے کو کسی صورت دھرنا دینے کی اجازت نہ دے اور شرانگیز عناصر کی قبل ازوقت سرکوبی کی جائے ۔