پی ٹی آئی مذاکرات،مائنڈسیٹ کی وجہ سے ڈیڈلاک:تھنک ٹینک
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا اسٹیبلشمنٹ کی خواہش ہے کہ احتجاج نہ کیا جائے ،جبکہ تحریک انصاف کچھ حاصل کرکے احتجاج ختم کرنا چاہتی ہے ،اس میں ابھی تک حکومت کا کوئی کردار نہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک ساتھ ہیں، دوسری طرف پی ٹی آئی ہے ،تو پھر کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی،اس میں کمپرومائز دونوں کو کرنا پڑے گا،دونوں فریقین کو لچک دکھانے کی ضرورت ہے ۔ دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا بانی پی ٹی آئی حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں ان کا طرزعمل ہمیشہ جارحانہ ر ہا،احتجاجی سیاست عمران خان کی پہچان ہے ،پہلی بار ایک مثبت پیش رفت یہ تھی کہ غیر اعلانیہ طور پرایک مذاکراتی عمل شروع تھا،یہ حکومت سے نہیں تھا،اس کی بنیاد پشاور کی سطح تک تھی،یہ بات چیت چل ر ہی تھی،ڈیڈلاک اسی جگہ پر موجود جہاں پر مائنڈسیٹ ہے ،مائنڈسیٹ یہ سمجھتا ہے جو میں چاہوں گاوہی ہوگا،اس وجہ سے معاملات آگے نہیں چل رہے ،اگلے 48 گھنٹے اہم ہیں،علی امین گنڈاپور دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔
تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس نے کہا اس وقت حالات بہتر نہیں ہیں، عوام پریشان ہیں، حکومت اور پی ٹی آئی دونوں کو چاہئے معاشرے ،عوام کا خیال رکھیں،تصادم کی پالیسی ہم کئی عرصہ سے دیکھ رہے ہیں،ہر حکومت یہی کرتی ہے جو آج ہو رہا ہے ماضی میں ہم نے دیکھا ہے حکومت نے کنٹینرز ،پولیس کا استعما ل کیا ہے ، گولی اور لاٹھی چارج کا بھی استعما ل کیا ہے ،حملے صرف اسلام آباد پر ہوتے ہیں، باقی کسی شہر پر نہیں ہوتا،پی ٹی آئی کی بھی ضد ہے کہ ہم نے ڈٖی چوک پر دھرنا دینا ہے ،جبکہ اسلام آباد میں 50 چوک اور بھی ہیں۔ تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا ابھی بھی بات چیت جاری ہے ،ہوسکتاہے کوئی حل نکل آئے ،پہلی بار یہ ظالم حکومت دیکھی ہے جو پی ٹی آئی کے لوگوں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے ،پکڑ دھکڑ کرر ہی ہے ، کیا کوئی دشمن حملہ کرنے آرہا ہے ؟،کیا 5 کروڑ لوگ آرہے ہیں، موٹروے بند،جی ٹی روڈ بند ہوگئی،اسلام آباد چاروں طرف سے بند ہورہا ہے ، حکومت پی ٹی آئی کو احتجا ج کرنے دے ،اس میں عوام کا کیا قصور ہے ؟