کرم ایجنسی کے حالات پر گرینڈ جرگہ بلایاجائے :حافظ نعیم

کرم ایجنسی کے حالات پر گرینڈ جرگہ بلایاجائے :حافظ نعیم

کراچی(آئی این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ کرم ایجنسی کے حالات پر گرینڈ جرگہ بلایا جائے ، مختلف عناصر بدامنی کا فائدہ اٹھا کر لسانی و فرقہ وارانہ فسادات کروانا چاہ رہے ہیں۔

سرحدوں کی حفاظت کرنا، قوم کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے ۔کراچی میں ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ آئین پاکستان نے سب کی حدود کو متعین کیا ہے ، سکیورٹی اداروں کا کام ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا، قوم کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا ہے ، حکومت کا کام ہے کہ لوگوں کو اکٹھا کرے ، اپوزیشن کو بھی چا ہئے کہ جمہوری طریقے سے احتجاج کا پرامن حق استعمال کرے ، ذات کی لڑائی نہ ہو، پاکستان کیلئے اپوزیشن بھی کردار ادا کرے ، آئین میں سب کا دائرہ کار طے ہے ، جب بھی کوئی آئین سے انحراف کرے تو حالات خراب ہوتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کرم ایجنسی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر فوری طور پر گرینڈ جرگہ بلایا جائے ، جماعت اسلامی اس سلسلے میں اپنی خدمات پیش کرتی ہے ، خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قیام امن کیلئے اقدامات اور فیصلے کریں۔ تمام حالات کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ ہماری اپنی کچھ کمزوریاں ہیں جنہیں ٹھیک کرنا چا ہئے ۔ان کا کہناتھاکہ اگر ملک کے حالات بہتر ہوگئے ہیں تو حکومت پٹرول پر 60 روپے فی لٹر لیوی کیوں لے رہی ہے ؟ ،اس کا مطلب یہ ہے کہ حکومت کے پیش کردہ اعداد و شمار حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں