پنجاب 2روز کیلئے دیں کوئی احتجاج کر جائے تو استعفیٰ دے دونگا:گورنر

پنجاب 2روز کیلئے دیں کوئی احتجاج کر جائے تو استعفیٰ دے دونگا:گورنر

لاہور (سپیشل رپورٹر،اپنے نامہ نگارسے ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سے ہمارا اتحاد محبت کا نہیں مجبوری کا ہے ،ملک کی خاطر قربانی دے رہے ہیں ۔

گورنر ہاؤس لاہو رمیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے زیراہتمام 26 ویں نیشنل سکیورٹی  ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت کی اتحادی پارٹنرز سے باہمی مشاورت بہت ضروری ہے ،اتحادی ہونے کے باوجود ہم سے مشاورت نہیں کی جاتی،پیپلز پارٹی مائنس ہوجائے تو وزارت عظمیٰ قائم نہیں رہ سکتی۔انہوں نے کہاکہ اپنی قیادت کو پنجاب کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کردیاہے ،اصولی طور پر وزیر اعلیٰ کو گورنر کے پاس آنا ہوتا ہے لیکن میں نے وہ بیریئر توڑا اور خود وزیر اعلیٰ صاحبہ کے پاس گیا اور کہا کہ ہم کولیشن پارٹنر ہیں ہمیں مل کر چلنا ہے ۔

ان کا کہناتھا کہ یونیورسٹیوں میں تحقیق پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جس کے لئے گورنر ہائوس لاہور میں طلبا کیلئے ورکشاپ کے انعقاد کا پلان زیر غور ہے ۔ قبل ازیں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے گورنر نے کہاکہ تاجربرادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،صنعتوں کا پہیہ چلتا ہے تو ملک میں سماجی اور اقتصادی ترقی ہوتی ہے ،ہمیں ٹیکس دینے والوں کو عزت دینا ہو گی۔ گورنر پنجاب کا روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہناتھاکہ پنجاب دوروز کیلئے مجھے دے دیں کوئی احتجاج کر جائے تو استعفیٰ دے دوں گا،تحریک انصاف اور حکومت میں اعتماد کا فقدان ہے ، جب بھی ان کو حکومت نے اجازت دی انہوں نے توڑ پھوڑ کی، پنجاب سے لوگوں کا پی ٹی آئی کے احتجاج کیلئے نکلنا بہت مشکل ہے ۔ان کا کہناتھاکہ اگر کوئی بھی جماعت احتجاج کرنا چاہتی تو کرے ،مگر احتجاج کے حوالے سے تحریک انصاف کا سابقہ ریکارڈ خراب ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں