پی ٹی آئی کیساتھ رابطے نہ کوئی ڈیل:اسٹیبلشمنٹ ذرائع

پی ٹی آئی کیساتھ رابطے نہ کوئی ڈیل:اسٹیبلشمنٹ ذرائع

اسلام آباد (عدیل وڑائچ)اسٹیبلشمنٹ کے ذمہ دار نے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کیساتھ کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہو رہی ، بلکہ علی امین گنڈا پور سمیت پاکستان تحریک انصاف کی کسی بھی اہم شخصیت کے ساتھ مقتدرہ کا کوئی مذاکراتی عمل بھی نہیں چل رہا۔

 یہ بات ذمہ دار ذرائع نے ایک ایسے وقت میں بتائی جب یہ قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت کا کوئی عمل چل رہا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے کچھ حلقے جان بوجھ کر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مقتدرہ اسے انگیج کر رہی ہے ، مگر اس میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کیساتھ ڈیل یا انکے قانونی ریلیف سے متعلق مقتدرہ کوئی کردار نہ تو ادا کرنے جا رہی ہے نہ ہی یہ معاملہ اس فورم پر طے ہونا ہے ۔ جب اگر کوئی بات چیت ہوئی بھی تو پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی حکومت کیساتھ بیٹھنا ہے اور رولز آف دی گیم طے کرنے ہیں ، اسٹیبلشمنٹ نہ تو تحریک انصاف سے بات چیت کی خواہشمند ہے نہ ہی موجودہ صورتحال میں اس کی گنجائش نظر آتی ہے ۔ مقتدرہ اپنے 7 مئی 2024 کے اس مؤقف پر قائم ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور انکی جماعت کو 9 مئی 2023 کے واقعات پر معافی مانگنی ہوگی اور اسکے بعد بھی اگر بات ہونی ہے تو سیاسی حکومت کیساتھ ہونی ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کی 24 نومبر کی کال کا مقصد بھی بظاہر یہی ہے کہ دباؤ پیدا کرکے اسٹیبلشمنٹ کو بات چیت کیلئے مجبور کیا جائے مگر اس معاملے پر اسٹیبلشمنٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی خواہش کے باوجود پی ٹی آئی کیساتھ کوئی مذاکراتی عمل شروع نہیں کیا اورنہ ہی اسکا کوئی امکان نظر آتا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی پہلے دن سے یہ بات کر رہے ہیں کہ تحریک انصاف بات چیت کریگی تو صرف اسٹیبلشمنٹ سے ہی کریگی اور انہوں نے اپنی ٹیم کو بات چیت کی اجازت بھی دی مگر مقتدرہ اپنے اصولی مؤقف پر ڈٹی ہوئی ہے جس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں