حکومت نے سنگجانی بیٹھنے کے بدلے عمران کی رہائی آفر کی:علیمہ

حکومت نے سنگجانی بیٹھنے کے بدلے عمران کی رہائی آفر کی:علیمہ

لاہور (عدالتی رپورٹر ، دنیا نیوز)بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ حکومت نے بیرسٹر گوہر کو آفر کی کہ سنگجانی میں بیٹھیں عمران خان کو رہا کردیں گے ۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے انکا کہنا تھا کہ ہم ضمانت نہیں، 9مئی کا ٹرائل شروع کروانا چاہتے ہیں۔ پراسیکیوشن کے پاس شواہد ہی موجود نہیں ، یہ لوگوں کی زندگیاں خراب کر رہے ہیں، ہمارے خلاف 5 اکتوبر کے مقدمے میں کردار کا پولیس کو پتا نہیں تھا۔24 نومبر کے احتجاج پر علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ احتجاج کے لیے جب لوگ آنا شروع ہوئے تو حکومت نے خوفزدہ ہو کر بیرسٹر گوہر کو بلایااورکہا سنگجانی میں بیٹھیں بانی پی ٹی آئی کو رہا کر دیا جائے گا۔قبل ازیں لاہور پولیس نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر، اعظم سواتی سمیت دیگر کو قصوروار قرار دے دیا ۔جناح ہاؤس سمیت نو مئی جلاؤ گھیراؤ اور پانچ اکتوبر پولیس تشدد کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں عظمیٰ خان ، علیمہ خان سمیت دیگر عبوری ضمانتوں کی معیاد ختم ہونے پر عدالت پیش ہوئے ۔

پولیس نے جے آئی ٹی کی رپورٹ عدالت پیش کی جس میں بتایا گیا کہ اسد عمر، اعظم سواتی، حافظ فرحت عباس، مسرت چیمہ اور جمشید چیمہ تفتیش میں قصوروار قرار پائے گئے ہیں،ملزموں نے کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسایا ۔ عدالت نے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 14 جنوری اور 18 جنوری تک توسیع کردی۔ ادھر کمرہ عدالت میں علیمہ خان نے روسٹرم پر آکر جج سے ایک بار پھر کہا جو تفتیشی افسر تفتیش مکمل نہیں کررہے تو انکو سزا دیں۔ اے ٹی سی عدالت کے جج نے علیمہ خان کو مخاطب کرتے کہا کہ جب میں ٹرانسفر ہوکر آیا تو 3 سو سے زائد ضمانتیں زیر سماعت تھیں اسکے بعد کئی لوگ بے گناہ ہوکر گھروں ہو جا چکے ہیں اب تعداد 170 ہے ، عدلت نے شامل تفتیش نہ ہونے والے ملزموں کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا اور وکلا کو 18 دسمبر کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔ عدالت نے اسد عمر، اعظم سواتی اور فواد کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواستیں منظور کرلی اور آئندہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی ضمانتوں میں 18 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے پولیس سے تفتیشی رپورٹ طلب کرلی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں