سیاست کی آڑ میں فورسز کیخلاف گمراہ کرنا قبول نہیں:گورنر

سیاست کی آڑ میں فورسز کیخلاف گمراہ کرنا قبول نہیں:گورنر

لاہور (سپیشل رپورٹر )گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاک فوج ہمارا فخر ہیں اور دہشتگردی کی جنگ میں پوری قوم فورسز کیساتھ ہے ۔ شہدا کی قربانیاں ملکی سلامتی کی بنیاد ہیں۔ شہدا کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

یہ بات انہوں نے بنوں کے علاقے میں خوارج کیخلاف آپریشن میں شہیدہونیوالے کیپٹن زوہیب الدین کی رہائش گاہ پر اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی پرکی۔گورنر نے کہا ملک پر اپنی جان نچھاور کرنے والے بہادر جوا ن اور انکے ورثا قوم کا فخر ہیں۔ بہادر شہید افسر کے اہلخانہ سے ملنا اعزاز کی بات ہے ۔پوری قوم شہدا کے خاندانوں کیساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے اس موقع پر پارک ویو سوسائٹی کی مرکزی شاہراہ کو شہید کیپٹن کے نام سےمنسوب کرنے کا بھی اعلان کیا اورکہا شہدا کی یاد گاروں کو نقصان پہنچانے والے ملک کے دشمن ہیں۔ سیاست کی آڑ میں فورسز کیخلاف نوجوان نسل کو گمراہ کرنا قبول نہیں۔ پاک فوج کی تنصیبات، شہدا کی یاد گاروں کی بے حرمتی اور زہر اگلنے والوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہدا کے خون کی مقروض ہے اور انکی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ گورنر پنجاب سلیم حیدر نے زمان پارک میں پی پی رہنما اعتزاز احسن سے بھابی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ اعتزاز احسن کے بڑے بھائی ڈاکٹر اعجاز احسن کی اہلیہ فرحت احسن جمعہ کو انتقال کر گئی تھیں، انکے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریب آج دوپہر 1 بجے زمان پارک میں ہو گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں