پی ٹی آئی سول نافرمانی پر فیصلہ کرلے پھربات کرینگے :حافظ نعیم

 پی ٹی آئی سول نافرمانی پر فیصلہ کرلے پھربات کرینگے :حافظ نعیم

لاہور (نمائندہ دنیا )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت جھوٹ بول رہی ہے کہ اسلام آباد میں شہادتیں نہیں ہوئیں، 6، 7 لوگوں کو تو ہم خود جانتے ہیں جو گولیوں کا نشانہ بنے ، دوسرا کہے تو فیک نیوز، حکومت خود کہے تو سب سچ ہوتا ہے

۔سول نافرمانی پر پی ٹی آئی اور گنڈا پور پہلے خود فیصلہ کرلیں پھر بات کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس میں کیا ۔ امیر جماعت نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں ہلاکتوں پر تحقیقاتی کمیشن ؂؂ بنایا جائے ۔ انہوں نے کہاگنے کی فصل تیار ہے حکومت ریٹ طے نہیں کررہی، کاشتکار پریشان ہیں جس پرلاہور سمیت پنجاب بھر میں حکومت کیخلاف مارچ کرینگے ۔کسانوں کو فوری ریلیف دیا جائے ۔انہوں نے کہا بجلی نرخوں میں کمی اور ونٹر پیکیج گورکھ دھندا ہے ، 5 آئی پی پیز بند ہوئیں تو بجلی بل کم کیوں نہیں ہوئے ؟ حکمران کہتے ہیں آئی ایم ایف کے حکم پرسبسڈی نہیں دے سکتے ، آئی ایم ایف تو کہتا ہے اپنی مراعات، خرچے کم کرو ، اشرافیہ پر ٹیکس لگائو تو ٹیکس لگانے میں کیا مسئلہ ہے ؟مارکیٹ اوپر جارہی ہے تو پٹرل و گیس کی قیمتیں کیوں کم نہیں ہو رہیں ؟

 ملک پر مسلط ٹولے سے نجات کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ میڈیا پر پابندیاں نہیں ہونی چاہئیں ، انٹر نیٹ بند کرکے سوشل میڈیا کا گلا گھونٹ دیا گیا، حافظ نعیم الرحمن نے کہا میڈیا مالکان تنخواہوں میں اضافہ کیوں نہیں کرتے ۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ طالبعلم کے قتل کا مسئلہ حل کرے ، نوجوانوں کے حقوق پر خاموش نہیں رہ سکتے ۔ امیر جماعت نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور کہااسرائیلی یرغمالی نہ چھوڑنے پر امریکی صدر ٹرمپ کی قتل عام کی دھمکی کی مذمت کرتے ہیں۔29دسمبر کو اہل فلسطین سے یکجہتی کیلئے ملین مار چ کیاجائیگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں