بانی پی ٹی آئی کیخلاف10ارب ہرجانہ کیس،16دسمبرکوجرح

بانی پی ٹی آئی کیخلاف10ارب ہرجانہ کیس،16دسمبرکوجرح

راولپنڈی (خبرنگار )بانی پی ٹی آئی کیخلاف شہباز شریف کے دس ارب روپے کے ہرجانہ کیس میں 16 دسمبر کو وزیراعظم پر جرح ہوگی۔

بانی پی ٹی آئی کیساتھ وکلا ٹیم نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اور مقدمہ سے متعلق اہم درخواست بانی پی ٹی آئی کے حوالے کی ،بانی پی ٹی آئی بارہ دسمبر کو پٹیشن پر دستخط کرینگے تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج لاہور فرحان نبی کی عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم پر دس ارب روپے کے ہتک عزت کے ہرجانے کا مقدمہ زیر سماعت ہے ،مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے اراکین میاں محمد حسین چوٹیہ اور افضال اے حیدر ایڈووکیٹ نے منگل کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اور کیس کے حوالے سے ہدایات لیں، سینئر قانون دان میاں محمد حسین چوہان چوٹیہ نے بتایا کہ 16دسمبرکوسماعت پر وزیراعظم شہباز شریف کو ذاتی طور پر پیش ہونا پڑے گا یا وہ زوم کے ذریعے عدالت میں حاضر ہونگے ،وزیراعظم نے ایک بیان حلفی عدالت میں جمع کرایا ہے لیکن یہ ایک قانونی نکتہ ہے کہ ماتحت عدلیہ میں بیان حلفی پیش نہیں کیا جاسکتا اور اب وزیراعظم شہباز شریف پر براہ راست جرح ہو گی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو قانونی کاغذات دیئے ہیں لیکن ان پر دستخط وہ بارہ دسمبر کو کرینگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں