بدعنوانی کے خاتمے کیلئے آخری دم تک لڑینگے :ڈپٹی چیئرمین نیب
اسلام آباد(دنیارپورٹ)ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے کہاہے کہ ہمیں بالخصوص نوجوانوں کوبحیثیت مجموعی بدعنوانی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے آخری دم تک لڑیں گے ۔
منگل کوبدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ روشن مستقبل کی تعمیر کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین نیب نے کہا زمانہ قدیم سے بدعنوانی مختلف اشکال میں موجود ہے ،بدعنوانی کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں بدعنوانی کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں،یہ نیکی اور بدی کی جنگ ہے ، نوجوانوں کو مایوسی کا شکار نہیں ہونا چاہیے ،ہمیں امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے ،بحیثیت مجموعی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،ڈی جی نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔