بھارت کی ہاتھوں 96ہزار کشمیری شہید،انسانی حقوق کے عالمی دن پر مظاہرے
اسلام آباد ،مظفر آباد، کوٹلی (خصوصی نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں ) انسانی حقوق کے عالمی دن پر کشمیر بھر میں بھارت کیخلاف مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں، مظاہرین نے بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔
قابض بھارتی فورسز جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہیں،بھارتی فوجیوں نے 1989سے اب تک 96ہزار کشمیریوں کو شہیدکیا، کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے جنوری 1989سے اب تک 96ہزار383کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سے 7ہزار370 کو دوران حراست یا جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا۔ ان شہادتوں سے 22ہزار980خواتین بیوہ اور ایک لاکھ 7ہزار974بچے یتیم ہوئے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ فوجیوں نے اس دوران 11ہزار265خواتین کی بے حرمتی کی جبکہ ایک لاکھ 10ہزار521رہائشی مکانات، دکانوں اور دیگر عمارتوں کو تباہ کیا۔رپورٹ میں پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال کا بھی حوالہ دیاگیا جس سے سینکڑوں بچے مکمل یا جزوی طورپر بینائی سے محروم ہوگئے ۔ 5اگست 2019کودفعہ370کی منسوخی کے بعدسے کم سے کم 950 کشمیریوں کو جن میں 18خواتین بھی شامل ہیں شہید کیاگیا جبکہ 135خواتین کی بے حرمتی کی گئی ۔اس کے علاوہ حریت قیادت سمیت 5ہزارسے زائد کشمیری نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سمیت مختلف جیلوں میں نظربند ہیں۔
بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مختلف حریت پسند تنظیموں کی جانب سے چسپاں کئے گئے پوسٹرز میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت،جعلی مقابلوں میں قتل اور حق خود ارادیت سے انکار کی مذمت کی گئی ۔جموں و کشمیر لبریشن سیل اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے اشتراک سے انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے انسانی حقوق سلب کر رکھے ہیں ۔ کشمیری بھارت سے آزادی لیکر رہیں گے اور اپنے شہداء کامشن الحاق پاکستان مکمل کریں گے ۔ مختلف حریت رہنماؤں نے اپنے الگ الگ بیانات میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اپنی ٹیمیں مقبوضہ کشمیر بھیجیں۔ بھارتی مظالم کے خلاف مظفرآبادمیں پاسبان حریت کے زیرِ اہتمام احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں ، مظاہرین نے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لینے اور قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ کوٹلی میں انتظامیہ،سول سوسائٹی،تنظیم غیر جریدہ و وکلا کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی توجہ دلانے کے لئے احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔