10دسمبر تک درخواستوں والے تمام 79 ہزار عازمینِ حج کامیاب قرار
لاہور (نیوز رپورٹر )وزارتِ مذہبی امور نے 10دسمبر تک درخواستیں جمع کرانے والے تمام 79 ہزار عازمینِ حج کامیاب قرار دیدیئے ۔
چند ہزار خالی نشستوں پر پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستوں کی وصولی جاری رکھنے کا فیصلہ ، ترجمان کے مطابق گزشتہ ایک ہفتہ کی توسیع کے دوران 10 ہزار سے زائد نئی درخواستیں جمع ہوئیں۔حج کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستیں روکنے کا اعلان کیا جائے گا۔ وزارتِ مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ درخواست جمع کرانے کے بعد متعلقہ بینک سے کمپیوٹرائزڈ رسیدضرور لیں جس پر درج تاریخ اور وقت کے حساب سے پہلے آئیے پہلے پائیے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق سپانسرشپ حج سکیم بھی پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پرجاری رہے گی ۔ سرکاری کوٹہ مکمل ہونے پر حج واجبات کی دوسری قسط کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ عازمینِ حج نئی ہدایات بقیہ حج واجبات کا شیڈول، تربیت اور پروازوں کی اطلاع کیلئے اپنے سمارٹ فون پرپاک حج موبائل ایپ کا استعمال لازمی کریں۔