عمران خان کو زیر عتاب لانیکی کوشش قبولیت نہیں پاسکتی: پی ٹی آئی
اسلام آباد(خبر نگار،دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں ) پاکستان تحریک انصافنے جنرل (ر)فیض حمید کے معاملے پر عطاتارڑ اور فیصل واوڈا کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی حکومتی کوششیں شرمناک اور قابلِ مذمت ہیں۔
فیض حمید یا کسی بھی دوسرے شخص کے نام پر بانی پی ٹی آئی کو زیرِ عتاب لانے کی کوشش قوم کی نگاہوں میں کبھی قبولیت نہیں پاسکتی۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ عطا تارڑ اور فیصل واوڈا کے بیان سے افواج کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کا فوری نوٹس لیا جائے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر معاملے کے حقائق قوم کے سامنے لائیں ، گزشتہ اڑھائی برس کے دوران ہر ریاستی بدمعاشی کیلئے بے سرو پا بیانیوں کا سہارا لیا گیا اور جھوٹ تراشے گئے ، تحریک انصاف نے ان گنت محرّکات کے باوجود بحیثیت ادارہ فوج کو سیاست سے الگ رکھا، پی ٹی آئی نے فوج کو اپنی سیاست کا ایندھن بنانے سے سختی سے گریز کیا، قمر جاوید باجوہ نے نیوٹریلیٹی کا جو جھانسہ قوم کو دیا اس کے پرخچے یہ سرکاری صداگیر ہر روز اڑا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی ضمیر کے قیدی ہیں، فیض حمید یا کسی بھی دوسرے شخص کے نام پر بانی پی ٹی آئی کو زیرِ عتاب لانے کی کوشش قوم کی نگاہوں میں کبھی قبولیت نہیں پاسکتی۔فیض حمید افواجِ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے تو عسکری قیادت بے لگام لوگوں کی اچھل کود کا نوٹس لے اور اقدام کرے ۔سیاسی انتقام اور سازش میں ڈوبا ہر قدم پہلے کیطرح اب بھی بے نقاب ہوگا ۔
پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پیپلزپارٹی 26 نومبر کے واقعات میں برابر کی شریک ہے ، حکومت دہشت گردوں کے بجائے پی ٹی آئی کے پیچھے لگی ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ۔ حکومت کے پاس نہ کوئی عقل ہے نہ سوچ اور نہ سنجیدگی، حکومت دہشتگردی پر فوکس نہیں کرپارہی، اس کا سار افوکس تحریک انصاف کے خلاف ہے ، تمام ادارے پی ٹی آئی کو دبانے کیلئے اپنی تمام کاوشیں کررہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے 9 مئی اور 26 نومبر کو جو ہوا اس کی جوڈیشل کمیشن بناکر انکوائری کی جائے ۔ پنجاب اور اسلام آباد میں پختونوں کے ساتھ جو سلوک کیارہا ہے یہ ملک کے ساتھ سازش ہے ۔ پختونوں کے ساتھ زیادتی میں جو ملوث ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے ، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اس حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلائیں ۔علاوہ ازیں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک حکومت برداشت نہیں کرسکے گی ۔۔ فسطائیت کی انتہا پر معاملات پہنچ گئے ، سانس تک نہیں لیا جارہا ،حکومت کی طرف سے دھرنا، احتجاج کے دوران قتل و غارت گری کی گئی ، بانی پی ٹی آئی نے سول نافرمانی کی کال سوچ سمجھ کردی ۔