محسن نقوی سے امریکی سفیر کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات اوردو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
کنٹری ڈائریکٹر آئی این ایل لائن نیلسن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کی ۔ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیٹلی بیکر نے چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید ترین ادارہ بنانا چاہتے ہیں اور اس ضمن میں امریکا کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے ۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امریکا ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید خطوط پر استوار کرنے میں تعاون فراہم کرے گا جبکہ امریکا نیشنل فرانزک ایجنسی کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال کرنے میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔