ژوب میں فائرنگ کا تبادلہ ، 15خوارجی ہلاک ، جوان شہید
اسلام آباد، راولپنڈی (نامہ نگار، دنیانیوز)بلوچستان کے علاقے ژوب میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 15خوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
خوارج کے مقام پر مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، دوران فائرنگ 15 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ۔ترجمان پاک فوج نے بتایا شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع مانسہرہ کے رہائشی 32سالہ سپاہی عارف الرحمن نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ فورسز کی جانب سے علاقے میں موجود کسی اور خارجی کو بے اثر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ صدر آصف زرداری نے ضلع ژوب میں فتنہ الخوارج کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے سپاہی عارف الرحمن شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا۔ وزیراعظم نے کہا دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔