وزرانہ آئے توآئندہ ہفتے کارروائی نہیں چلائونگا:ڈپٹی سپیکر

وزرانہ آئے توآئندہ ہفتے کارروائی نہیں چلائونگا:ڈپٹی سپیکر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفی شاہ نے بر ہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایوان میں وزرا اورپارلیمانی سیکرٹریز کی عدم حاضری پر وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے وزرا اور پارلیمانی سیکرٹریز اجلاس میں موجود نہ ہوئے تو ایوان کی کارروائی نہیں چلائیں گے ۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر مصطفی شاہ کی زیر صدارت ہوا، وقفہ سوالات کا آغاز ہوا تو اپو زیشن رکن اسد قیصر نے کہا کہ گزشتہ روز کی طرح اب بھی وزرا اور پارلیمانی سیکرٹریز موجود نہیں ،ممبران کے سوالات کا جواب کون دے گا جس پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس 15 منٹ کے لئے ملتوی کیا۔ وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا اور وقفہ سوالات کا آغاز کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے ایم این اے سید نوید قمر نے دوبارہ یہی معاملہ اٹھایا کہ وفاقی وزرا اور سیکرٹریز کی عدم موجودگی میں و قفہ سوالات کیسے چلایا جا سکتا ہے ۔نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے وزرا اور پارلیمانی سیکرٹریزکی عدم حاضری کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ڈپٹی سپیکر نے ریمارکس دیئے کہ اس صورتحال سے متعلق وزیراعظم کو خط لکھ رہے ہیں۔انہوں نے ایجنڈا موخر کر دیا ، ڈپٹی سپیکر نے ایوان کی کارروائی آج جمعہ تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں