پاک امریکا تعلقات ٹھیک،کچھ نہیں ہونے جا رہا:خواجہ آصف

پاک امریکا تعلقات ٹھیک،کچھ نہیں ہونے جا رہا:خواجہ آصف

اسلام آباد،سیالکوٹ (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات بالکل ٹھیک ہیں، کچھ نہیں ہونے جا رہا۔ پی ٹی آئی والے امریکی کانگریس کی سماعتوں کا جعلی ڈرامہ بنا کر پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ہے ۔ نیشنل کرائم ایجنسی نے پاکستان کو رقم بھجوائی، لیکن اس شخص نے بند لفافے میں کام کر دیا، اس کے عوض رقبہ لیا گیا اور القادر ٹرسٹ بنا دیا گیا، وہ یونیورسٹی ہے یا نہیں، میں میڈیا کو کہوں گا خود اس کی تحقیقات کریں، ان سارے حقائق پر آج (پیر کو) عدالت نے فیصلہ دینا ہے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے ، ماضی میں حکمرانوں پر الزامات لگتے رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی حکومت میں جو ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔علاوہ ازیں ایکس پر اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ افغانستان کے قائم مقام وزیرخارجہ کے الزامات پاکستان پرملبہ ڈالنے کی کوشش ہیں۔انہوں نے کہا کہ یواین مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی، القاعدہ، داعش سمیت 2 درجن سے زائد دہشتگرد گروپ آپریٹ کررہے ہیں جبکہ افغانستان 2024 میں داعش کی بھرتیوں اور سہولت کاری کا مرکز رہا ہے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عبوری افغان حکام دہشتگردی کے بنیادی ڈھانچے اورافغان سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں