مفاد پرستی کی سیاست سے ملک مسائل کا گڑھ :فضل الرحمن

مفاد پرستی کی سیاست سے ملک مسائل کا گڑھ :فضل الرحمن

وہاڑی(خبرنگار ،نمائندہ خصوصی، نمائندہ دنیا ) قائد جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے لازوال قربانیاں پیش کیں، پاکستان کی بنیاد لا الہ الااللہ پر ہوئی ہم نے اس کلمہ کا حق ادا نہیں کیا۔

مدارس کے تحفظ کے لیے ہماری جدو جہد جاری رہے گی مفاد پرستی کی سیاست نے پاکستان کو مسائل کا گڑھ بنا دیاہے ،ان کا ایجنڈا ملک کو نقصان پہنچانا ہے ،ہم ان سے نبٹنا جانتے ہیں ، یہ پگڑی سر جھکانے کے لے نہیں سر اونچا رکھنے کے لئے ہے ،موجودہ حکمرانوں میں معاشی اور داخلی مسائل حل کرنے کی کوئی صلاحیت نہیں ،ملک و قوم کی سوچ ہو تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے اور پاکستان عالم اسلام کو لیڈ کرے گا ،قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون نہیں بن سکتا ،علماء نے ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی کے لئے کام کیا ، ملک کو نفرت سے بچا سکتے ہیں ، نیشنل ایکشن پلان دینی مدارس کے خلاف بنایا گیا ،دینی مدارس ملک کے آئین اور پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ، پاکستان میں اسلام کے علاوہ کوئی نظریہ نہیں چل سکتا ۔ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے جامعہ خالد بن ولید میں استحکام پاکستان و تحفظ دینی مدارس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سود کے خاتمہ کے لیے ہماری جدو جہد جاری ہے ، فرقہ وارانہ نفرت کی آگ میں کوئی جماعت اور کوئی فرقہ ملوث نہیں ،کچھ بیرونی عناصر ملک میں فرقہ بندی پیدا کر کے ملکی سالمیت کو غیر مستحکم کر رہے ہیں ۔عبد الخالق وٹو نے کہا کہ پاکستان سود فری ہونا چاہیے ۔ مولانا عبید الرحمن ظفر نے کہاکہ مدارس کے خلاف منفی پروپیگنڈا کسی صورت میں قابل قبول نہیں ،حکومت کو دینی مدارس کی سرپرستی کرنی چاہیے ۔ منتظمین جامعہ مولانا عزیز الرحمن ظفر، مولانا خلیل الرحمن ظفر نے مولانا فضل الرحمن کو یادگاری شیلڈ پیش کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں