مہنگائی 38سے 3فیصد پر آگئی ، آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہوگا،وزیرخزانہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان میں اقتصادی اصلاحات سے رواں ماہ مہنگائی نمایاں کمی کے ساتھ 3 فیصد تک آگئی ہے ۔
مئی 2023 میں مہنگائی 38 فیصد تھی اور اس ماہ 3 فیصد پر آگئی۔ غیر ملکی اخبار نکی ایشیا کو انٹرویو میں وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق اصلاحات کی امید ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔انہوں نے کہا پاکستان چین کی مالیاتی منڈیوں تک رسائی کے لیے تیار ہے ، رواں مالی سال کے آخر تک پانڈا بانڈ کا ابتدائی اجرا متوقع ہے ۔ آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ کے بعد کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے ۔ محمد اورنگزیب نے کہا پاکستان میں چینی شہریوں کے لئے سکیورٹی اقدامات جاری ہیں، پاکستانی حکومت چینی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی سکیورٹی کو اعلیٰ سطح پر اہمیت دیتی ہے ، زمینی صورتحال میڈیا سے کہیں بہتر ہے ۔