وطن سے وفاداری خون میں شامل ،بچے پاکستان کوریڈلائن سمجھیں:مریم نواز

وطن سے وفاداری  خون میں شامل ،بچے پاکستان کوریڈلائن سمجھیں:مریم نواز

فیصل آباد ،لاہور(سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لیپ ٹاپ سکیم لانچ کردی جبکہ لیپ ٹاپ 40 ہزار سے ایک لاکھ کرنے کا اعلان بھی کردیا،انہوں نے سیکنڈ اور تھرڈ ائیر کو جلد ہونہار سکالر شپ دینے کے لئے اقدامات کا حکم دیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے ’’سی ایم پنجاب آسان کاروبار فنانس‘‘اور’’آسان کاروبار کارڈ‘‘ سکیموں کا بھی باضابطہ افتتاح کردیا۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سے وفاداری ہمارے خون میں شامل ہے ،بچوں کو پاکستان کو ریڈ لائن سمجھنا چاہئے ۔پنجابی بعد میں ہوں پاکستانی پہلے ہوں، تمام اکائیاں وفاق کی علامت ہیں،بچے مریم نوازشریف زندہ باد نہ کہیں ،تعلیم زندہ باداور ترقی زندہ بادکہیں۔انہوں نے گورنمنٹ کالج فیصل آباد یونیورسٹی نیوکیمپس میں ہونہار سکالرشپ کی تقریب سے خطاب کے دوران کہاکہ پنجاب کی پہلی آرٹیفیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی کی تعمیر جلد شروع ہوگی،طلبہ کو تخریب نہیں تعمیر کا راستہ دکھانا ہے ، جان کی بازی لگا دوں گی بچوں کے خواب نہیں بکھرنے دینگے ،تین کروڑ کے قرض کے ساتھ لینڈ بھی فری دینگے ۔ ان کاکہناتھاکہ یونیورسٹی میں امتحانات ملتوی ہونے پر معذرت چاہتی ہوں،وزیر تعلیم کو کہہ دیا ہے کہ آئندہ میری آمدکی وجہ سے امتحانات کینسل نہیں کرنے ۔ سکالر شپ گھر بیٹھے بھی مل سکتا تھا،لیکن اپنے بیٹے اور بیٹیوں سے ملنے کے لئے شہر شہر جارہی ہوں۔ 100 فیصد میرٹ پر سکالر شپ دیئے گئے کوئی سیاسی وابستگی یا بیک گراؤنڈ چیک نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ زندگی میں دوبار ہی روئی ہوں جب میری والدہ کی رحلت ہوئی اور محمد نوازشریف کی نیب کی کسٹڈی میں طبیعت خراب ہوئی۔5 ماہ جیل میں رہ کر آئی تو نہیں روئی، ہونہار بچوں کی آب بیتیاں سنتی ہوں تو آنکھوں سے بے اختیار آنسو چھلک پڑتے ہیں۔ کچھ لوگ کسی کے بہکاوے میں آکر جیل پہنچ گئے آج انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں، مجھے آپ کو کامیابی کا راستہ دکھانا ہے جیل کی سلاخوں کا نہیں۔ہونہار سکالر شپ آپ کی محنت کا پھل ہے سر اٹھا کر سکالر شپ لیں۔ پنجاب میں کوئی بھی بچہ وسائل کی کمی ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں ہوگا۔ سب بچے خواب دیکھتے ہیں،وسائل نہ رکھنے والے بچے بھی اب اپنے خواب پورے کرپائیں گے ۔30 ہزار سکالرز شپ کم ہیں،اگلے سال 50 ہزار سکالر شپ دینگے ، چاہے پنجاب کا تمام بجٹ تعلیم میں لگ جائے لیکن اپنے بچوں کے خواب ادھورے نہیں ہونے دوں گی۔ جلد سیکنڈاور تھرڈ ایئر کے لئے سکالر شپ پروگرام لارہے ہیں۔پہلی بار لیڈی پولیس نے گارڈ آف آنر دیا جس پر بے حد خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی پہلی کھیپ آگئی ہے ،40ہزار نہیں ایک لاکھ تک لیپ ٹاپ دیں گے ،65فیصد یا اس سے زائد نمبر رکھنے والے طلبہ لیپ ٹاپ کے لئے اہل ہوں گے ۔ بچوں کو نصیحت کرتی ہوں کہ نفرتوں کے دروازے ہمیشہ بند رکھیں۔ پاکستان کا قرضہ ایک ایک طالب علم کو چکانا ہے ۔

یہ پیسے میرے نہیں ہیں مجھے واپس نہیں کرنے پاکستان کو واپس کرنے ہیں۔ مریم نواز شریف نے طلبہ کے لئے لیپ ٹاپ سکیم لانچ کرتے ہوئے لیپ ٹاپ کے جدید ترین ماڈل کی رونمائی بھی کی۔ بچیوں نے وزیر اعلیٰ کو ’’دی بیسٹ لیڈی مریم نواز‘‘کا خطاب دیا ۔وزیر اعلیٰ نے سی ایم پنجا ب آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبارکارڈ سکیموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 10لاکھ سے 3کروڑ روپے تک بلاد سود قرضے دیئے جائیں گے ، ادائیگی بھی آسان ترین اقساط میں ہوگی، آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے 5 سے 10لاکھ روپے تک قرضے دیئے جائیں گے ، پنجاب بینک کے توسط سے ان سکیموں سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند آج ہی آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔ ان کاکہناتھاکہ پنجاب حکومت نے صوبے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے انقلابی سکیموں کا آغاز کیا ہے ، یہ سکیمیں پنجاب اور پاکستان کی تقدیر بدلنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ ملک کی برآمدات بڑھانے کے لئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں انڈسٹری لگانے پر مزید مراعات دیں گے ، ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں انڈسٹری لگانے والوں کو 50لاکھ روپے تک کی مالیت کا سولر سسٹم بھی فری دیں گے ۔ہر طرف پاکستان کے ڈیفالٹ کر جانے کی باتیں ہورہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی شب روز کی محنت سے پاکستان ان خطرات سے باہر نکلا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں