کرم :امدادی قافلے پر حملہ ،اموات کی تعداد 10

کرم :امدادی قافلے پر حملہ ،اموات کی تعداد 10

کرم (مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی) کرم میں ایک روزقبل قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں مرنے والوں کی تعداد10ہوگئی ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر قیصر عباس کے مطابق گاڑیوں کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں اب تک جن افراد کی اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

 ان میں 2سکیورٹی اہلکار، 6 ڈرائیورز اور 2 مسافر شامل ہیں۔ایک روز قبل امدادی سامان پاراچنار لے جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر بگن میں فائرنگ کردی گئی تھی، جس کے نتیجے میں موقع پر ایک سپاہی شہید اور 4 افراد زخمی ہو گئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے تھے ، تاہم 29 گاڑیوں کے ڈرائیورز سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جن میں سے متعدد ضلع ہنگو کے علاقے ٹل میں بحفاظت پہنچنے میں کامیاب رہے ۔ گزشتہ روز زخمی ہونے والا ایک سکیورٹی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،2 ڈرائیورز اور 2مسافروں کی لاشوں کے ٹکڑے بوریوں میں لوئر علیزئی سے ملے ، 4 ڈرائیوروں کی لاشیں صبح اڈاولی کے علاقے سے ملیں، جن کے ہاتھ بندھے ہوئے اور ان پر تشدد کے نشانات تھے جبکہ انہیں گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔پاراچنار ٹریڈ یونین کے صدر نذیر احمد نے بتایا کہ قافلے میں شامل 20 ٹرکوں کو آگ لگائی گئی اور انہیں لوٹا گیا جبکہ صرف ایک ٹرک پاراچنار پہنچا،ان کا کہناتھاکہ 3ڈرائیورزابھی بھی لاپتہ ہیں ۔ڈپٹی کمشنر ضلع کرم کا کہنا ہے کہ لوئر کرم میں دہشتگردوں کے خلاف ممکنہ آپریشن کا پلان تیار کرلیا گیااورلوئر کرم کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف ممکنہ آپریشن کے پیش نظر ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کرلئے گئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے متاثرین کیلئے ٹل اور ہنگو میں ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا،جس کے مطابق ٹل ڈگری کالج، ٹیکنیکل کالج، ریسکیو اور عدالت کی عمارت میں کیمپ قائم ہوں گے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں ایک کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں