القادر یونیورسٹی میرے پاس آگئی،اسکے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ،سکالر شپ دینگے:مریم نواز

القادر یونیورسٹی میرے پاس آگئی،اسکے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ،سکالر شپ دینگے:مریم نواز

لاہور، اوکاڑہ (سٹاف رپورٹر ، خبر نگار )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے 190 ملین پاؤنڈز کیس کے فیصلے کے بعد القادر یونیورسٹی میرے پاس آ گئی ہے ، وہاں کے بچوں کو بھی لیپ ٹاپ اور سکالر شپ ، ای بائیکس دوں گی۔

 یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ہونہار سکالر شپ کی آٹھویں تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا ملک کو نفرت نہیں اتحاد چاہیے ، ملک کو انتشار نہیں امن چاہیے ، میرا دل چاہتا ہے کہ بچوں کے ہاتھوں میں اسکالرشپ دوں پٹرول بم نہیں، جن بچوں کو پٹرول بم دئیے گئے وہ آج جیلوں میں ہیں، انہیں پولیس پرحملوں کی ترغیب دی گئی، نوجوانوں کو ترغیب دی گئی کہ سوشل میڈیا پر جو دیکھیں اس پر آنکھیں بند کرکے یقین کر لیں، جنہیں ورغلایا گیا وہ آج جیلوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ آیا، القادر ٹرسٹ کیس میں چوری ثابت ہوئی، عمران خان پہلا وزیراعظم ہے جو چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، بانی پی ٹی آئی پہلے وزیراعظم ہیں جن کو کرپشن پر سزا سنائی گئی۔ادھروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اوکاڑہ میں میڈیکل کالج، گرلز ہاسٹل اور انڈر پاس بنانے کااعلان کیا ہے ۔

طلبہ کے لئے خریدے گئے کور آئی سیون لیپ ٹاپ کی نمائش بھی کی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے پراجیکٹس کو اپنی نگرانی میں مکمل کرانے کا اور طلبہ کے لئے جلد لیپ ٹاپ لیکر آنے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہاکہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے سکالر شپ کا نام خود ہونہار سکالرشپ رکھا۔اوکاڑہ خوبصورت شہر ہے ، نوازشریف اور میرے دل کے بہت قریب ہے ۔اوکاڑہ میں ہونہارطلبہ کو دیکھ کرہونے والی خوشی الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی۔بچوں کو کالج آمدورفت کے لئے ایک لاکھ ای بائیکس بھی دیں گے ۔سب کے مالی وسائل یکساں نہیں ہوتے ،کمی ہوسکتی ہے لیکن اب سکالر شپ دیکر بوجھ اٹھائیں گے ۔والدین بچوں کی تعلیم کی فکر نہ کریں، اب ریاست خرچ اٹھائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سیکنڈ اورتھرڈ ایئر کے طلبہ کو بھی ہونہارسکالر شپ ملے گا۔اگلے سال 50ہزار طلبہ کو ہونہار سکالر شپ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ماں کی طرح ہر بچے کو اپنی ذمہ داری محسوس کرتی ہوں۔

ملک کو نفرت نہیں اتحاد،انتشار نہیں امن اور فساد نہیں ترقی چاہیے ۔بچوں کے ہاتھ میں کیل والے ڈنڈنے نہیں لیپ ٹاپ دیں گے ۔پٹرول بم چلانے والے اب جیل میں ہیں۔القادر یونیورسٹی کے بچے بچیوں کو بھی لیپ ٹاپ،سکالر شپ اور ای بائیکس دیں گے ۔طلبہ کو 100فیصد میرٹ پر سکالر شپ دیئے اب 100 میرٹ پر قوم کی تقدیر کے فیصلے کریں گے ۔حلفاً کہہ سکتی ہوں کہ کسی منسٹر، سیکرٹری، ڈی سی کی تعیناتی سفارش پر نہیں، ہمیشہ میرٹ پر تقرری کی۔انہوں نے کہاکہ اب ارکان اسمبلی بھی کسی سفارش کے لئے میرے پاس نہیں آتے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اوکاڑہ ڈویژن میں سی ایم ہونہار سکالرشپلانچ کر دی۔ طلبہ کو چیک دے کراوکاڑہ میں ہونہار سکالر شپ سکیم کا آغاز کر دیا۔طلبہ کیلئے نئے لیپ ٹاپ کی رونمائی کی۔ طلبہ نے لیپ ٹاپ سکیم کے تحت کور آئی سیون،13جنریشن دیکھ کر پرجوش نعرے لگائے ۔وزیر اعلیٰ کی یونیورسٹی آف اوکاڑہ آمد پر طلبہ نے نشستوں پر کھڑے ہوکر استقبال کیااور موبائل کی ٹارچ روشن کیں۔وزیراعلیٰ نے طالبات کے درمیان، بچیوں سے بات چیت کی اور سپیشل بچیوں کو اپنے پاس نشست دی۔ہونہار سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔پولیس کے چاق وچوبند دستے نے طلبہ کو جنرل سلامی پیش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں