سینیٹ :اپوزیشن کوبولنے کی اجازت نہ ملی،اجلاس نعرے بازی اورکورم کی نذر

سینیٹ :اپوزیشن کوبولنے کی اجازت  نہ ملی،اجلاس نعرے بازی اورکورم کی نذر

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )سینیٹ میں اپوزیشن کا احتجاج ،شور شرابا،ڈپٹی چیئرمین نے اجلاس پیر تک ملتوی کر دیا۔

ڈپٹی چیئرمین سیدال خان کی زیر صدارت اجلاس میں وقفہ سوالات جاری تھا کہ اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے بات کرنے کی اجازت چاہی مگر ڈپٹی چیئرمین نے اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد آپ کو ٹائم دونگا مگر وہ اپنی نشست پر کھڑے رہے اور بولنا شروع کردیا جس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ آپ لوگ اپنی تقریر کے بعد کورم کی نشاندہی کرکے نکل جاتے ہیں اور اہم ایجنڈارہ جاتا ہے ۔ ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے کہاکہ جو طریقہ کاربزنس ایڈوائزری کمیٹی میں طے کیا گیا تھا اسی کے مطابق ایوان کو چلایا جائے گا جس پر اپوزیشن کے دیگر اراکین بھی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور ایوان میں شور شراباشروع ہوگیا جس پر ڈپٹی چیئرمین نے کہاکہ ایسے حالات میں ایوان کو کس طرح چلایا جاسکتا ہے ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ایوان کی کارروائی پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کردی۔ قبل ازیں وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بتایاکہ خفیہ معلومات کو افشاء کرنے کے حوالے سے قانون موجود ہے اور جو بھی اس میں ملوث پایا جاتا اس کو قانون کے مطابق سزا دی جاتی ہے ۔ اعظم نذیر تارڑ بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں اضافے کی ضرورت ہے تاہم سی ڈی اے کو جرمانے وصول کرنے کااختیار نہیں اس حوالے سے انکوائری ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں