ریلوے ، مواصلات ، پٹرولیم ڈویژن سمیت 5محکموں میں رائٹ سائزنگ کی منظوری

اسلام آباد (نمائندہ دنیا) وزارت ریلوے ، وزارت مواصلات، تخفیف غربت، ریونیو ڈویژن، پٹرولیم ڈویژن اور منسلک ادارے رائٹ سائزنگ کیلئے منظور کرلیے گئے۔
وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی زیرصدارت رائٹ سائزنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں رائٹ سائزنگ کے چوتھے مرحلہ کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا،5 وزارتوں اور محکموں کی رائٹ سائزنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزارت مواصلات کے پراجیکٹس کو پبلک پرائیویٹ پار ٹنر شپ کے تحت چلانے پر غور کیا گیا۔ وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بریفنگ کے دوران کہا کہ وزارت مواصلات میں پہلے ہی خالی اسامیاں ختم کردی گئی ہیں، این ایچ اے کو منافع بخش ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔ این ایچ اے منافع بخش ادارہ بنا تو معیشت کو فائدہ ہو گا، عبدالعلیم خان نے کہا این ایچ اے منافع میں آیا تو کراچی سے سکھر ایم سکس منصوبے کیلئے فنڈز دیں گے ، رائٹ سائزنگ اقدام کے تحت 9 وزارتوں کی رائٹ سائزنگ پر لیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے جس میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان ، وزارت سیفران ،وزارت آئی ٹی،صنعت و پیداوار ،وزارت صحت، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارت تجارت شامل ہیں ۔