اپوزیشن رہنماؤں کی شاہد خاقان سے ملاقات،ملکرچلنے کی دعوت
اسلام آباد (این این آئی)عوام پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے آئین کی بالادستی کیلئے مل کر چلنے کی دعوت دی ہے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور محمود خان اچکزئی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔بعد ازاں عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے تحریک تحفظ آئین کے قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ محمود اچکزئی نے اسد قیصر، عمر ایوب، ناصر عباس، سلمان اکرم راجا کے ہمراہ مجھے عزت دی۔انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے آئین کی بالادستی کے لیے مل کر چلنے کی دعوت دی ہے ، ہماری جماعت اس پر مشاورت کرے گی۔عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ یقین ہے کہ مولانافضل الرحمن اور دیگر جماعتیں اس میں شامل ہوں گی۔محمود خان ا چکزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سزا سنانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، تحریک تحفظ آئین پاکستان اس فیصلے کو ماننے سے انکار کرتی ہے اور اس کے خلاف عوام کے پاس جائینگے ۔ عوام کو منظم کرکے پاکستان کے آئین اور پارلیمنٹ کو بچائینگے ۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئین کی پاسداری کرنے والی اور آئین کو نہ ماننے والی قوتوں کے درمیان جنگ چھڑ چکی ہے ہم اس جنگ میں آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے ساتھ ہوں گے ۔ایاز صادق نے سپیکر ہوتے ہوئے اپنے اسمبلی کے ممبران اور تمام لوگوں کی موبائل کالز ریکارڈ کرنے کی ایجنسیوں کو اجازت دی۔