9 مئی مقدمے میں اشتہاری ملزم کا شناختی کارڈ بلاک کرنیکا حکم

9 مئی مقدمے میں اشتہاری  ملزم کا شناختی کارڈ بلاک کرنیکا حکم

کراچی (سٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی سماعت، راجہ اظہر کی 3 مقدمات میں ضمانت کی توثیق، عدالت کا عدیل احمد کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف نو مئی، احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی اور ڈی سی کیماڑی کے دفتر پر حملے کے 6 مقدمات کی سماعت ہوئی ۔ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، راجہ اظہر، فردوس شمیم نقوی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے ۔ سابق ایم این اے فہیم خان عدالت میں پیش نہ ہوئے ۔ عدالت نے ان کی حاضری سے ایک روزہ استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ۔ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی دو مقدمات میں بریت کی درخواست پر عدالت نے یکم فروری کو تفتیشی افسر کو طلب کرلیا۔ عدالت نے راجہ اظہر کی 3 مقدمات میں ضمانت کی توثیق کرتے ہوئے دیگر دو مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ٹیپو سلطان تھانے میں درج 9 مئی کے مقدمے میں اشتہاری ملزم عدیل احمد کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیدیا۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف 9 مئی کے مقدمات تھانہ فیروز آباد، ٹیپو سلطان اور شاہ فیصل میں درج ہیں جبکہ احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کے مقدمات سولجر بازار اور فیروز آباد تھانے میں درج ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کیماڑی کے دفتر پر حملے کا مقدمہ سائٹ اے تھانے میں درج ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں