نوجوان کا شادی سے بچنے کیلئے خود کو گولی مارنے کاانکشاف

لاہور(کرائم رپورٹر)سبزہ زار کے علاقے میں ڈکیتی کی واردات میں نوجوان کو گولی لگنے کے ڈرامہ کا ڈراپ سین ،نوجوان نے شادی سے بچنے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گزشتہ روز ڈکیتی کی واردات میں نوجوان کے زخمی ہونے کی خبر نشر ہوئی جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعہ کا نوٹس لیا اور تحقیقات کے لیے 24 گھنٹے کا وقت دیاایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں سپیشل ٹیم نے تحقیقات شروع کیں اور 24 گھنٹے کے اندر ہی پولیس حقائق تک پہنچ گئی کیونکہ زخمی کے بیانات میں بھی بار بار تضاد سامنے آ رہا تھا جس سے پولیس کو شک ہوا اور پولیس نے علی حیدر سے تفصیلی بات چیت کی تو وہ اپنی ہی کی ہوئی باتوں اور جھوٹ میں الجھ گیا ۔ پتا چلا کہ نوجوان علی حیدرنے خود کو گولی مار کر ڈکیتی کی جھوٹی 15 پر کال چلائی ، جس پر زخمی نوجوان علی حیدر کو گرفتار کر لیا گیا جس نے جرم تسلیم کیا اوربیان ریکارڈ کروایا کہ اس نے شادی سے بچنے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا تھا۔لاہور پولیس کے مطابق علی حیدر زخمی ہے لیکن خطرے سے باہر ہے ، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ترجمان آپریشن ونگ لاہور قیصر عباس نے بتایا کہ جن چیزوں کی ڈکیتی کے دوران چوری ہونے کا بتایا گیا تھا وہ بھی علی حیدر سے ہی برآمد ہوئیں۔