مراکش کشتی حادثہ:ایک اور پاکستانی کے بچ جانے کی تصدیق 1 سمگلرگرفتار،15 کے ریڈ نوٹس جاری

اسلام آباد ،گوجرانوالہ(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز رپورٹر)وزارت خارجہ اور مراکش میں پاکستانی سفارتخانہ نے کشتی حادثے میں ایک اور پاکستانی کے بچ جانے کی تصدیق کردی جس سے بچ جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 22 ہو گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تصدیق شدہ معلومات کی بنیاد پر ایک اور پاکستانی شہری زندہ بچ جانے والوں میں شامل ہے جسکا نام عدیل ولد رشید اوراسکا شناختی کارڈ نمبر 7-0822424-35404 ہے ۔ دریں اثناایف آئی اے نے مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر انصر کو گوجرانوالہ سے گرفتارکرلیا جس نے دیگر کیساتھ ملکرعامر کوسپین بھجوانیکی کوشش کی،ملزموں نے اسکے اہلخانہ سے 53 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے ۔ عامر کو پہلے موریطانیہ بھجوایا گیا، پھرکشتی پرسپین سمگلنگ کے دوران مراکشی حکام نے اسے ریسکیو کیاجسکانام و زارت خارجہ کی جاری کردہ فہرست میں شامل ہے ،ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔علاوہ ازیں ایف آئی اے انٹرپول نے 15 انسانی سمگلرز کے ریڈ نوٹس جاری کر دئیے ۔ریڈ نوٹس والے ملزم یونان ، لیبیا اور مراکش کشتی حادثے میں ملوث ہیں۔ ملزموں میں گجرات کے آصف سنیارا کا نام بھی شامل ہے ،ریڈ نوٹس والے ملزم لیبیا ، یونان اور موریطانیہ میں روپوش ہیں، انٹرپول کے زریعے روپوش سمگلرز کو گرفتار کیا جائیگا ۔