سزا کیخلاف اپیلیں ، عمران ، بشریٰ کے وکالت ناموں پر دستخط

اسلام آباد، راولپنڈی(اپنے نامہ نگار سے، خبرنگار)احتساب عدالت سے 190 ملین پائونڈز کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے وکالت ناموں دستخط کر دئیے۔
وکالت نامے جیل کمرہ عدالت میں دستخط کئے گئے جیل حکام نے ضروری دفتری کارروائی کے بعد وکالت نامے بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف کے حوالے کر دئیے ۔190 ملین پائونڈ اپیل میں اپیلیں آئندہ ایک دو دن میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی جائیں گی۔ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے بانی کی جیل میں اخبار، ٹی وی کی سہولت بحالی، بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو اور ذاتی معالج سے چیک اپ کی درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نمائندہ اڈیالہ جیل کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل فیصل فرید چودھری عدالت پیش ہوئے اور کہاکہ متفرق درخواست فائل کی ہے ،ہفتہ وار بیٹوں سے بات کرائی جائے ،اخبارات فراہم کیے جائیں اور ذاتی معالج کی اجازت دی جائے ،ٹرائل کورٹ نے ذاتی معالج سے متعلق کچھ نہیں لکھا، دس جنوری 2025 کا آرڈر ہے جسے چیلنج کیاہے ، عدالت نے فریقین کوجواب کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے یہ ہدایت بھی کی کہ نمائندہ اڈیالہ جیل آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہو،عدالت نے سماعت جمعرات23 جنوری تک ملتوی کردی۔ ادھر بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل کے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ وکلا صفائی عدالت پیش نہ ہوئے ، وکلا کی عدم حاضری پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلا صفائی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔بعدازاں عدالت نے سماعت بغیر کارروائی 23 جنوری تک ملتوی کردی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بانی ، بشریٰ بی بی کے خلاف 32 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 10 یوم کی توسیع کردی گئی مقدمات کی سماعت کسی کارروائی کے بغیر یکم فروری تک ملتوی کردی گئی ۔