مجھے ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کا دعوت نامہ ملا : علوی

کراچی(نیوز ایجنسیاں)سابق صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ مجھے ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کا دعوت نامہ ملا ہے مگر پاکستان کے حالات کے باعث معذرت کرلی۔
سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عارف علوی نے کہا کہ حکومت پر بیرونی دباؤ آنا چاہیے ، پاکستان پر نہیں۔ ہمیں انسانی حقوق کیلئے بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرنی چاہیے ۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ مذاکرات ان سے بھی جاری ہیں جن کے پاس کوئی اختیارنہیں، ہمارے لوگ قتل ہوئے ، اغوا کیا گیا اور دہشت گرد بھی ہم بن گئے ، مجھے دہشتگرد بنادیا گیا لیکن اصل دہشت گردآزاد گھوم رہے ہیں، ان حالات میں بھی ہم مذاکرات سے مسائل کاحل چاہتے ہیں۔اس سے قبل سابق صدر عارف علوی کے خلاف واہ کینٹ راولپنڈی میں درج مقدمے میں سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے پر عدالت نے عارف علوی کی تیس روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے سابق صدرکو 25 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔