پی ٹی آئی کا مقصد اسٹیبلشمنٹ تک پہنچنا تھا جس میں وہ کامیاب ہوگئی،وزیر دفاع

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف اٹھانے کے بعد تعمیری تقریر کی، ہمیں عمران خان اور امریکا سے متعلق ہر گز کوئی پریشانی نہیں، اگر کسی امریکی نمائندے کا بیان آیا تو پاکستان اسے سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا ہمارے سیاسی لوگوں نے اپنے دل کی خواہشات امریکا سے وابستہ کرلی ہیں حالانکہ واشنگٹن کی اپنی ترجیحات اور مفادات ہیں۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا، آرمی چیف سے بیرسٹر گوہر کی ملاقات میں دہشتگردی کے امور پر گفتگو ہوئی، سپہ سالار نے ان کو کہا سیاسی امور پر سیاستدانوں سے بات کی جائے ۔قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا تحریک انصاف کا مقصد اسٹیبلشمنٹ تک پہنچنا تھا اور وہ اس میں کامیاب ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا ہم اندرونی معاملات پر کوئی بیرونی پریشر نہیں لیں گے ۔وزیردفاع نے کہا پی ٹی آئی نے تصدیق کردی کہ اس کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے ہو گئے ہیں، اگر ہو گئے ہیں تو پھر ہمارے ساتھ مذاکرات کی کیا ضرورت ہے ۔ پی ٹی آئی کا مقصد تھا اسٹیبلشمنٹ تک پہنچے ، وہ پہنچ گئی ۔