پرنس کریم کا انتقال ، پرنس رحیم اسماعیلی کمیونٹی کے نئے امام

 پرنس کریم کا انتقال ، پرنس رحیم اسماعیلی کمیونٹی کے نئے امام

اسلام آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال کے بعد پرنس رحیم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے نئے امام بن گئے ۔

پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں پرنس رحیم آغا خان کو اسماعیلی کمیونٹی کا 50 واں امام نامزد کیا تھا۔ اس بات کا اعلان امام کی فیملی اور جماعت کے سینئر ممبرز کے سامنے پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں کیا گیا۔ گلگت بلتستان حکومت نے پرنس کریم آغاکے انتقال پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق آج 6فروری کو صوبے بھرمیں عام تعطیل ہوگی، تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے ، اور کاروباری مراکز بند رہیں گے ، اسماعیلی کمیونٹی کے اعلا میہ کے مطابق پرنس کریم آغا خان کا انتقال 4 فروری کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا، ان کی عمر 88 برس تھی، انتقال کے وقت شاہ کریم کے اہل خانہ ان کے پاس موجود تھے ۔مولانا شاہ کریم الحسینی اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے ۔پرنس کریم آغا خان کے تین بیٹے رحیم آغاخان، علی محمد آغاخان اور حسین آغا خان ہیں جبکہ ایک بیٹی زہرا آغا خان ہیں۔مولانا شاہ کریم کی نمازجنازہ لزبن ہی میں ادا کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم تدفین کے مقام کا اعلان فی الحال نہیں کیاگیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب، وزیر اعظم کی ہدایت پر پرنس کریم آغا خان کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے ،پرنس کریم آغا خان کے انتقال پردنیا بھر میں جماعت خانوں میں خصوصی دعائیں شروع کردی گئی ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی اسماعیلی برادری سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا پرنس کریم آغا خان کی انسانیت کے لئے انمول خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاکستان کا ایسا مخلص دوست کھونے پر الفاظ دکھ کا احاطہ نہیں کر سکتے ۔ پرنس کریم آغا خان نے گلگت بلتستان کے تعلیمی منظرنامے میں انقلاب برپا کیااور اپنے ہر دورہ پاکستان کے دوران عوام کے لئے دلی محبت کا مظاہرہ کیا،انہوں نے پاکستان میں متعدد متنوع منصوبے شروع کئے جن میں سے اکثر مکمل ہو چکے ،پرنس کریم آغا خان کے اقدامات ان کیلئے ایک حقیقی صدقہ جاریہ ہیں،امید ہے کہ نئے روحانی پیشوا اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خدمت کی نئے مثال قائم کریں گے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے کہا پرنس کریم آغاخان بین الاقوامی شناخت کی حامل ایک محترم شخصیت تھے ، پاکستان کے دوستوں اور محبت کرنے والے افراد میں نمایاں تھے ، ان کی وفات ہم سب کا ذاتی نقصان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں