ملک کیلئے ٹرمپ کا کردار ادا کر رہا ہوں:صدرزرداری

ملک کیلئے ٹرمپ کا کردار ادا کر رہا ہوں:صدرزرداری

اسلام آباد (مدثرعلی رانا) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور گوادر بندرگاہ خطے میں تجارت اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اسے ایک منفرد حیثیت دیتی ہے ،قدرتی تجارتی راہداری ملک ، چین، وسط ایشیا اور مشرق وسطیٰ کو آپس میں جوڑنے کا ذریعہ بن سکتا ہے ، وہ ایوانِ صدر میں پاکستان چین انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس علاقائی روابط اور پاکستان ابھرتے مواقع کے اختتامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ، صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کو سیراب کرنے کیلئے تاجکستان سے پانی لیں گے ، میں نے فزیبلٹی سٹڈی کی منظوری دے دی ، یو اے ای منصوبے پر سرمایہ کاری کرے گا، چین کیساتھ بھی فزیبلٹی سٹڈی شیئر کی ہے ، گوادر کے ذریعے خطے کے دیگر ممالک کی کنیکٹویٹی بڑھے گی، ٹرمپ اپنے ملک کی بڑھوتری کیلئے کام کر رہا ہے اپنے ملک کیلئے میں بھی ٹرمپ کا کردار ادا کر رہا ہوں اس وقت دنیا میں ٹریڈ وار چل رہی ہے گوادر کنیکٹویٹی خطے کیلئے مؤثر ترین ہے ، پاکستان جیوگرافیکلی لحاظ سے خطے کی معاشی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ،سنٹرل ایشیا کو فریٹ کوریڈور کے ذریعے مزید ملانے کی ضرورت ہے ،صدر مملکت کا کہنا تھا کہ14برس جیل میں گزارے جہاں مطالعہ سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اصلاحات کے نئے دور میں داخل ہورہی ہے ، تنازعات کی وجہ سے دنیا میں سپلائی چین متاثر ہوئی ہے ، پاکستان کثیر الجہتی پلیٹ فارمز کے ذریعے کام کررہا ہے ، دہشت گردی سمیت معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، سی پیک اب دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے دو طرفہ مفادات کے تحفظ کے لئے یہ منصوبہ آگے بڑھ رہا ہے گوادر پورٹ اشیا کی نقل و حمل میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور ریجنل رابطہ کاری میں گوادر پورٹ کا اہم کردار ہے ، ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا چین نے کم عر صہ میں ترقی کی ہے ، پاکستان کی چین کو برآمدات چین کی درآمدات کا ایک فیصد ہے ،پاکستان کو چین کیلئے برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے ،چین نے انسانی سرمائے پر محنت کی ہے ، پاکستان چین کیلئے اپنی برآمدات بڑھا سکتا ہے لیکن برآمدات بڑھانے کیلئے ہمیں پہلے اپنے گھر کو درست کرنا ہوگا ہمیں اپنے تعلقات چین کی سائنسی کمیونٹی کے ساتھ استوار کرنے ہونگے ، سابق امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ فار ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشیاء افیئرز سفیر رابن رافیل کا کہنا تھا کہ تاپی منصوبہ سنٹرل ایشین ممالک سے پاکستان اور دیگر شریک ممالک کیلئے اہم ہے۔

امریکہ سنٹرل ایشین ممالک کے ساتھ کام کر نے خواہاں ہے ، پاکستان کو سنٹرل ایشیا کے ذریعے ویسٹ سے جوڑنے کی ضرورت ہے ، وزیر اعظم کی معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پا ک چین تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، چین نے عوامی ترقی کیلئے بہت کام کیا ہے ،موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ریجنل رابطہ کاری ضروری ہے جو بھی منصوبہ شروع کیا جائے اس میں موسمیاتی تبدیلی کا پہلو دیکھنا چا ہئے ، چیئرمین پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ سینیٹر مشاہد حسین سید کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چائنا کا کردار خطے میں اہمیت کا حامل ہے ، 21 ویں صدی میں پاکستان دہشتگردی کا شکار ہوا دنیا میں امن کی ضرورت ہے ،پاکستان روابط قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس کا مطلب سیاحت، کاروبار کو فروغ دینا ہے ، مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ گوادر سینٹرل ایشین ممالک کو جوڑنے کیلئے اہم ہے پاکستان کا ہمسایہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے ، اجلاس کے دوران ماہرین نے زور دیا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اسے علاقائی معاشی خوشحالی کا ممکنہ ذریعہ بناتی ہے ماہرین کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، تجارت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بے شمار نئے مواقع جنم لے رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں