پنجاب کے 189 شہروں کو لاہور طرز پر خوبصورت بنائینگے : مریم نواز
لاہور(اپنے نامہ نگار سے)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کا کوئی شہر اب ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔ پنجاب بھر کے 189 شہروں کو لاہور کی طرز پر خوبصورت اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت پر بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے فیز ون کے 5643 پراجیکٹ میں سے 2593 مکمل ہوچکے ہیں۔ لاہور میونسپل کارپوریشن کے 3705 میں سے 2274 منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں۔ واسا لاہور کے 252میں سے 170 منصوبے بھی مکمل ہوچکے ہیں۔ اجلاس میں واسا پراجیکٹس سے منسلک 1573 منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے نوتعمیر شدہ روڈز اور سٹریٹس کی بیوٹیفکیشن کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے فیز ون کی نومبر2025ء میں تکمیل کا ہدف بھی دے دیا گیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے فیز ٹو میں علامہ اقبال، واہگہ اور عزیز بھٹی ٹاؤن کے 146 ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 189 شہروں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کے پراجیکٹس پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس میں فیز ون کے تحت زیادہ خراب حالت والے گلی محلے اور علاقوں کو پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر66 شہروں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی پراجیکٹس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں بارشوں کے دوران متعدد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے خستہ حال عمارتوں سے انخلا کی رپورٹ طلب کر لی اورہدایت کی کہ جگہ جگہ لٹکتے بجلی کے ننگے تار ہٹانے کے لئے متعلقہ اداروں کو خط لکھے جائیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بجلی کے پول، لٹکتے تار اور دیگر برقی تنصیبات سے دور رہیں اوربارش کے دوران خستہ حال عمارتوں میں رہائش سے گریز کیا جائے۔