بنوں : پولیس چوکی پر حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک، ایک اہلکار شہید

بنوں : پولیس چوکی پر حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک، ایک اہلکار شہید

پشاور،کرم (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی )خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ،جوابی کارروائی میں 3دہشتگرد ہلاک، کئی زخمی،1کانسٹیبل شہیداور 3 زخمی ہو گئے۔

دوسری طرف لوئر کرم کے علاقے پڑا میں ایف سی چیک پوسٹ پربھی فتنہ الخوارج نے حملہ کردیا، 2 ایف سی اور 1 پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع بنوں میں رات گئے 40 سے 50 دہشتگردوں نے فتح خیل پولیس چوکی پر چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا جس کے بعد پولیس اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آر پی او بنوں سجاد خان کے مطابق پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے 3 دہشت گرد ہلاک اورکئی زخمی ہوگئے ، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار نیاز شہید ہوگیا جبکہ 3اہلکار منیر، سوداد اور مفتی محمود زخمی ہو گئے ،علاقہ میں پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیاہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس چوکی پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا جوان مردی سے مقابلہ کیا اور جرات سے حملہ کو ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا،خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر سپوت روح نیاز کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔انہوں نے شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرنے کیساتھ لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ۔ ادھر لوئر کرم کے علاقے پڑا میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے گزشتہ روز چھپری کے قریب واقع ایف سی چیک پوسٹ پر جدید اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 2 ایف سی اور 1 پولیس اہلکار زخمی ہوگیا،جوابی کارروائی میں متعدد شدت پسندوں کی مارے جانے کی اطلاع ہے ،زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسری طرف حملہ آوروں نے حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں