معرکہ حق کے بعد پاکستان کا عالمی قد بڑھا ، بھارت تنہا ، ناصر جنجوعہ
لاہور(نامہ نگار خصوصی )سابق مشیر قومی سلامتی ناصرجنجوعہ نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان اور پاکستانی افواج کا دنیا میں قد بڑھا جبکہ بھارت دنیا میں تنہا ہو گیا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں‘‘پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں، مستقبل کی امیدیں اور آئندہ دفاعی حکمت عملی’’ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں کیا ۔ناصر جنجوجہ نے کہا کہ امریکا نے امت مسلمہ کی تمام لیڈر شپ کو مار ڈالا ،عراق ، لیبیا، مصر ،شام کو تباہ کیا، ایران پر بمباری کی ،پاکستان امت مسلمہ کا واحد اسلامی جوہری قوت ہے جو دشمن کو کھٹکتا ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر نوید الہٰی، سید محمد مہدی، وائس ایئرمارشل (ر) ساجد حبیب ، میجر (ر) نیئر شہزاد ، معروف صحافی سلمان غنی نے بھی اظہار خیا ل کیا ۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے صفدر علی نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ہمارے اس خطے کا جغرافیہ تیزی سے تبدیل ہوا ہے ، خلیجی سیاست، بڑی عالمی طاقتوں کی حکمتِ عملیاں اور خطے میں معاشی منصوبہ بندی نے نئے توازن پیدا کئے ہیں، خوشی کی بات ہے کہ ایسے موقع پر پاکستان نے متحرک سفارتکاری اختیار کی ہے تاکہ اپنے قومی مفادات کو محفوظ رکھا اور بیرونی شراکت داریوں کو ممکن بنایا جائے ۔
سید مہدی شاہ نے کہا کہ پاکستان کے چین اور امریکا کے ساتھ متوازی تعلقات سفارتی کامیابی ہے تاہم اس ضمن میں بہت کچھ کرنا ابھی باقی ہے ، امریکی ٹی ٹی پی کو اپنے لیے خطرہ نہیں سمجھتے ، سی پیک کے حوالے سے کام جس سرعت سے ہونا چاہیے تھا اس طریقے سے نہیں ہوپایا۔ ڈاکٹر نوید الٰہی نے کہا کہ ٹی ٹی پی صرف پاکستان نہیں پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے ، پاکستان اور چین کے تعلقات ہمیشہ خوشگواررہے ،پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ،اگر پاکستانی باہر جارہے ہیں تو یہ پاکستان کیلئے خوش أٓئند ہے ۔ سلمان غنی نے کہا کہ پاک فوج نے اپناکام کر دکھایا تاہم سیاسی و معاشی میدان میں ابھی بہت سا کام کرنا باقی ہے ۔وائس ایئر مارشل (ر)ساجد حبیب نے آ پریشن بنیان مرصوص میں مسلح افواج کی شاندار کارکردگی پر روشنی ڈالی اور خصوصی طور پر پاک فضائیہ کی مہارت اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں بارے شرکا کو آ گاہ کیا۔ میجر (ر) نیئر شہزاد نے کہا کہ اللہ پاک نے پاکستان کو بھارت کے خلاف سرخرو کیا جس کی صدر ٹرمپ نے بیسیوں بار گواہی دی۔