سکیورٹی پرخیبرپختونخوا حکومت جھوٹ بول رہی :ایمل ولی
پشاور (نیوز ایجنسیاں )خیبرپختونخوا حکومت کاکہناہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان کو سکیورٹی اہلکار واپس فراہم کر د ئیے ہیں جبکہ ایمل ولی نے کہاکہ گنڈاپور حکومت کا رویہ مضحکہ خیز ہے ، پولیس اہلکاروں کی جاری تصاویر میرے سکیورٹی پرمامور اہلکار نہیں۔
صوبائی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایمل ولی خان کی سکیورٹی میں کسی قسم کی کمی یا واپسی نہیں کی گئی ،صوبائی حکومت کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ایمل ولی سے ان کے اعتماد اور مرضی کے اہلکاروں کی فہرست حاصل کی گئی ہے تاکہ انہیں بہتر سکیورٹی فراہم کی جا سکے ۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ ایمل ولی خان کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی،سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر ایمل ولی خان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ، ضرورت پڑی تو میں خود ان کی سکیورٹی ڈیوٹی انجام دوں گا۔ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے سیاسی روئیے کے باوجود ایمل ولی خان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔صدر اے این پی سینیٹر ایمل ولی نے سکیورٹی کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہاکہ جھوٹا تاثر دیا گیا کہ پولیس سکیورٹی واپس کردی گئی، حکومت کے یہ ڈرامے بند ہونے چاہئیں۔ میرے ذاتی سکیورٹی اہلکار ولی باغ میں موجود ہیں، مجھے حکومت کی کسی سکیورٹی کی ضرورت نہیں۔ اے این پی کے مرکزی ترجمان انجینئر احسان اللہ خان کے مطابق آئی جی خیبر پختونخوا نے وزیراعلیٰ کی ہدایات کو نظرانداز کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکار واپس بلا لئے ہیں ۔