سہیل آفریدی کو دہشتگردوں کی سپورٹ کے لیے لایا گیا:عطاتارڑ

سہیل آفریدی کو دہشتگردوں کی سپورٹ کے لیے لایا گیا:عطاتارڑ

پی ٹی آئی انتشاری ٹولہ اوردہشتگردوں کی سہولت کار،عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دینگے جیل میں بیٹھا شخص دہشتگردوں کا چیف سپانسر ، عادل راجا کیخلاف فیصلے سے پی ٹی آئی کا بیانیہ پٹ گیا:پریس کانفرنس

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے کہاہے کہ ریاست اور قومی اداروں کے خلاف بیانیہ اور پروپیگنڈا ناکام ہوگا،ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔تحریک انصاف انتشاری ٹولہ اور دہشت گردوں کا سہولت کار ہے ،سہیل آفریدی کو دہشتگردوں کی سپورٹ کیلئے لایا گیا ہے ۔اسلام آباد میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہاکہ شہدائے وطن کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے ، جیل میں بیٹھے شخص کے دور میں نیشنل ایکشن پلان کو ختم کرکے دہشت گردوں کو واپس لایا گیا،نہتے شہریوں پر حملہ کرنے والے اور مساجد، سکولوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کو دہشت گردوں کی مکمل سہولت کاری نہ کرنے پر ہٹایا گیا اورپی ٹی آئی نے بھگوڑے مراد سعید کے قریبی ساتھی کو وزارت اعلیٰ سونپنے کا فیصلہ کیا ۔

پاکستان کی سکیورٹی پالیسی اسلام آباد میں بنتی ہے اور بنتی رہے گی، کابل میں نہیں۔ ریاست سہیل آفریدی کے ذریعے دہشت گردوں کی سہولت کاری کی اجازت نہیں دے گی ۔ ان کا کہناتھاکہ جیل میں بیٹھا شخص دہشت گردوں کا چیف سپانسر ہے اور دہشت گردوں کو اس سے سہولت کاری ملتی ہے لیکن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ لندن کی عدالت میں یوٹیوبرعادل راجا کے خلاف فیصلے سے پی ٹی آئی کا بیانیہ پٹ گیا، اب یہ کس منہ سے ریاست پاکستان یا فوج کے خلاف بات کریں گے ۔ اختیار ولی خان نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو 2 خواتین بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کی وجہ سے ہٹایا گیا ،علی امین کے بعد اب بیرسٹر گوہر کی باری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں