ٹی ایل پی غزہ میں امن پر فساد کرنا چاہتی ، طلال چودھری
ان کے کارکنوں سے شیشے کی گولیاں، کیمیکل اور ڈنڈے پکڑے گئے ہیں سربراہ نے اشتعال انگیز تقاریر کیں، مارچ کیلئے اجازت نہیں لی، وزیر مملکت
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی کے سربراہ نے اشتعال انگیز تقاریر کیں، ٹی ایل پی نے مارچ کے لیے کوئی اجازت نہیں لی۔ٹی ایل پی غزہ میں امن پر فساد کرنا چاہتی ہے ،پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ غزہ امن معاہدے کے موقع پر احتجاج کا کوئی جواز نہیں،وزیرمملکت برائے داخلہ نے کہا کہ حکومت نے غزہ میں انسانی امداد بھجوائی، پاکستان نے فلسطین کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھایا، فلسطینی طلبا کوپاکستان میں تعلیم کی سہولت فراہم کی ،طلال چودھری نے کہا کہ فلسطین کے عوام کو بیان بازی نہیں امن چاہئے ، ان کے کارکنوں سے شیشے کی گولیاں، کیمیکل، ڈنڈے پکڑے گئے ہیں، یہ احتجاج ہے یا فساد ہے ۔وزیرمملکت برائے داخلہ نے کہا کہ غزہ میں امن قائم ہو رہا ہے ، اب کس لئے احتجاج کیا جا رہا ہے ؟ فلسطین کو امن اور ان کا حق مل رہا ہے ، آپ کو کیا مسئلہ ہے ۔طلال چودھری نے کہا کہ مذہب کے نام پر اشتعال انگیز تقاریر کا کیا مقصد ہے ؟ اسلام آباد بدامنی، فساد پھیلانے والوں کے لیے نوگو ایریا ہے ۔