حکومت عمران کے نامزد کردہ نوجوان سے خوفزدہ:شوکت یوسفزئی
سہیل آفریدی کو جمہوری انداز میں کوئی نہیں روک سکتا:رہنما تحریک انصاف پی ٹی آئی خیبر پختونخو اکے بارے سوچے :اختیارولی ، ’’دنیامہربخاری کے ساتھ ‘‘
لاہور(دنیانیوز )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ملک میں جو حالات ہیں اور بیان بازی ہورہی ہے میں اس پرصر ف افسوس ہی کرسکتا ہوں، ملک میں جمہوریت، انسانی حقوق ،رول آف لا کا جنازہ پہلے ہی نکل چکا ،8 فروری کو مینڈیٹ چوری کیاگیااوراب وفاقی حکومت عمرا ن خان کے نامزد کردہ نوجوان وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی سے بہت زیادہ خوف کھا رہی ہے ، ایک بندہ اڈیالہ جیل میں ہے ، اس کے فیصلے سے پوری حکومت ہل گئی ، وفاقی حکومت کا یہ حال ہے تو اس کا اللہ ہی حافظ ہے ۔شوکت یوسفزئی نے دنیانیوزکے پروگرام ‘‘دنیامہربخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا سہیل آفریدی کو جمہوری انداز میں کوئی نہیں روک سکتا، وفاقی حکومت نے رکاوٹ ڈالی تو فاٹا کی عوام کو بہت دھچکا لگے گا۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہاعمران خان کسی کو نامزد کرے ہمیں کوئی خوف نہیں ،پرویز خٹک کو لائے توعمران خان نے کہا کہ میں نے ملنگ بندے کو وزیر اعلیٰ بنادیا، دوسرے ملنگ محمود خان کو لایاگیا، پھرعلی امین گنڈاپور کو دبنگ کہہ کر لایاگیا، اب کہتے ہیں ایک نہتے لڑکے کو لے آئے ،میں یہی کہوں گا اے اللہ کے بندو، اللہ نے آپ کو موقع دیا ہے تو کوئی اچھا فیصلہ کرو؟۔پی ٹی آئی کی قیادت کو کے پی کے کے بارے میں سو چنا چاہئے ، دہشت گردی نہیں رک رہی ،سہیل آفریدی میں فیصلے کرنے کی صلاحیت بالکل بھی نہیں ،عمران خان کو چاہئے تھا کسی اچھے پارلیمنٹیرینز کو لاتے ،شوکت یوسفزئی اچھے پارلیمنٹیرینز ہیں ان کو نامزد کردیتے ،مشتاق غنی ہیں ان کولے آتے ،لیکن عمران خان کا طرز انداز ہے کہ فوج کو گالی کون دے گا؟، ریاست کے خلاف کون کھڑا ہوگا؟،تحریک انصاف کے تین چارلوگوں کے مجھے فون آئے ،وہ عمران خان کے فیصلے سے نالاں ہیں، بیرسٹر گو ہر جو اچھے انداز میں گفتگو کرتے ہیں ، مجھے ان کی چھٹی ہوتی نظر آرہی ہے ،سلمان اکرم راجا کو بھی یہ لوگ فارغ کردینگے ۔