وزیراعظم اور بلاول کا ٹیلیفونک رابطہ ،اہم امور پر گفتگو
دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورتحال ،سیلاب اورخارجہ پالیسی پر بات چیت کی نجکاری کے عمل میں انتظامی تاخیر برداشت نہیں ،خودنگرانی کرونگا:شہبازشریف
اسلام آباد (نامہ نگار ،سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ،دونوں کے درمیان موجودہ سیاسی صورت حال، سیلاب اور خارجہ پالیسی پر بات چیت کی گئی ۔دوسری طرف وزیراعظم نے مجوزہ سرکاری اداروں کی نجکاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اور غیرفعال سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل جلد از جلد انتظامی اور ادارہ جاتی پیچیدگیوں سے بچاتے ہوئے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ سرکاری اداروں کی نجکاری میں قومی مفاد اور مستقبل میں اداروں کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ نجکاری کے عمل میں ادارہ جاتی اور انتظامی تاخیر اور سرخ فیتے کو برداشت نہیں کیا جائے گا، نجکاری کے عمل کی نگرانی وہ خود کریں گے اور اس کی پیش رفت پر باقاعدگی سے اجلاس کیا جائے گا۔ انہوں نے مجوزہ سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے اور سرکاری اداروں کی اندرونی استعداد کار بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت ہر ممکن اقدامات فوری طور پر اٹھانے کی بھی ہدایت کی ، وزیر اعظم نے کہاکہ نجکاری کے عمل میں شامل سرکاری اداروں کیلئے بہترین معاملہ طے کیا جائے ۔