اسمبلی میں ن لیگ ، پی پی سیزفائر، فوج سے یکجہتی، احتجاج ختم
ایوان میں معمول کی سرگرمیاں بحال ،پی ٹی آئی نے وزیر دفاع کا خطاب توجہ سے سنا
اسلام آباد (سہیل خان) قومی اسمبلی میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان سیزفائر ہو گیا۔ پیپلز پارٹی کے اجلاس کی کارروائی میں شرکت سے احتجاج صرف تین دن بعد ہی دم توڑ گیا۔ اس دوران پی ٹی آئی ارکان بھی موجود رہے ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو شعر سنانے پر داد بھی دیتے رہے ۔ایوان میں پاک فوج کی قربانیوں کے حوالے سے زبردست یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے ارکان نے وزیر دفاع خواجہ آصف کا دہشت گردی کے معاملے پر خطاب پوری توجہ سے سنا، بعض ارکان نوٹس لیتے رہے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے تعلقات میں حالیہ دراڑ پُر ہونے پر ارکان نے احتجاج ختم کر دیا اور خوشی خوشی ایوان میں وزراء سے اپنے معمول کے کاموں کے لیے ملتے رہے ۔دوسری طرف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بڑی اپوزیشن جماعت کے علاوہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اپوزیشن لیڈرز کی درخواست دستخطوں کے لیے جمع نہ کروا سکے ۔ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ اپوزیشن کے اکثریتی ارکان درخواستوں پر دستخط کر چکے ہیں، دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کیے گئے ہیں۔ سینیٹ میں جے یو آئی کے بعض ارکان نے بھی دستخط کر دئیے ہیں۔ جلد ہی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے سربراہان کو یہ درخواستیں پیش کر دی جائیں گی۔