نظام نہیں چل رہا تو اصلاحات کریں یا اسے بدل دیں:عباسی
کراچی (سٹاف رپورٹر)عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سٹی کورٹ کراچی میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔
آئین پاکستان بنیادی حقوق کا ضامن ہے لیکن ترمیمات کے ذریعے حکمرانوں کو سہولت دی گئی جس سے آئین کا توازن بگڑ گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو نفرت میں بدل دیا گیا ہے ، معاشرے میں دراڑیں پڑ چکی ہیں، اگر یہ لاوا پھٹ گیا تو کوئی نہیں جانتا کیا ہوگا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاست دانوں کی اپنی مجبوریاں ہوتی ہیں مگر جب آئین و قانون کی بات آتی ہے تو وکلاء ہمیشہ سب سے آگے کھڑے ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نظام نہیں چل رہا تو اصلاحات کی جائیں یا اسے بدل دیا جائے ، اب مزید تجربات کا وقت نہیں رہا۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عوام سے ٹیکس تو وصول کیا جاتا ہے مگر بدلے میں کچھ نہیں دیا جاتا، کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر پورا شہر تباہ کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی بدترین معاشی پالیسیوں کے باعث عوام غریب تر ہوتے جا رہے ہیں، تین سال میں عوام کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس اور گیس کے نرخ خطے میں سب سے زیادہ ہیں جبکہ وفاق اور صوبائی حکومتیں دونوں ناکام ہوچکی ہیں،اب پاکستان کو نئی سوچ کی ضرورت ہے اور یہی سوچ شاہد خاقان عباسی لے کر آئے ہیں، ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اصلاحات ہی واحد راستہ ہیں۔