غزہ جنگ بندی پر آج سے عملدر آمد،اسرائیلی فوج کا جزوی انخلا

غزہ  جنگ  بندی  پر  آج  سے  عملدر  آمد،اسرائیلی  فوج  کا  جزوی  انخلا

اسرائیلی کابینہ نے حماس سے معاہدے کی منظوری دیدی ، فوجی شمال مغربی مضافات سے پیچھے ہٹ گئے 2لاکھ شہری گھروں کو واپس آگئے ، امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونا شروع ،ٹرمپ کل اسرائیل آئیں گے

غزہ (اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک ) اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے پر آج سے باقاعدہ عملدرآمد شروع کردیا جائے گا جبکہ فوج کا جزوی انخلا شروع ہوگیاہے ،فوجی غزہ شہر کے شمال مغربی مضافات سے پیچھے ہٹ گئے ہیں اور مشرق کی طرف چلے گئے ہیں،اسرائیلی کابینہ نے بھی حماس کیساتھ ہونیوالے معاہدے کی منظوری دے دی ہے ۔ جنگ بندی کے بعد غزہ کے 2لاکھ شہری اپنے گھروں میں واپس آ چکے ہیں ،امریکی صدر ٹرمپ کل اسرائیل کا دورہ کرینگے ۔تفصیلات کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی آج سے نافذ العمل ہوگی ،جنگ بندی کے آغاز کے بعد یرغمالیوں کی رہائی 72 گھنٹوں کے اندر متوقع ہے ،اندازہ ہے کہ ان میں سے 20 افراد زندہ ہیں، اس کے بدلے میں سینکڑوں فلسطینیوں کو اسرائیلی جیلوں سے رہا کیا جائے گا۔اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی افواج ایک ایسی لکیر یا حد تک پیچھے ہٹیں گی جو غزہ کی پٹی کے 53 فیصد حصے پر اسرائیل کو کنٹرول دے گی، یہ ٹرمپ کے منصوبے کے تحت انخلا کے تین مراحل میں سے پہلا مرحلہ ہے ۔

امریکی حکام کے مطابق امریکا مشرقِ وسطیٰ میں پہلے سے موجود اپنے 200 تک فوجیوں کو اسرائیل منتقل کر رہا ہے تاکہ جنگ بندی کی نگرانی کی جا سکے ۔اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اوربیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی کابینہ نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے ۔ نیتن یاہو نے حکومتی وزرا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے اس ہدف کے حصول کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ معاہدے کے تحت امداد لے جانے والے ٹرک غزہ میں داخل ہوناشرو ع ہوگئے ہیں ۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ ہو جانے کے باوجود غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں ،عینی شاہدین کے مطابق جنوبی غزہ کی پٹی کے اہم علاقے خان یونس میں رات بھر اسرائیلی فضائی حملے ہوئے ۔نیٹزاریم کوریڈور کے نزدیک لوگوں نے توپوں کی گولہ باری اور گولیاں چلنے کی آوازیں بھی سنی ہیں۔ امریکی صدرٹرمپ غزہ جنگ بندی کا جشن منانے کل اتوار کو اسرائیل پہنچیں گے ،وہ ممکنہ طور پر اسرائیلی یرغمالیوں کو رہائی پر خوش آمدید کہیں گے ۔جس کے بعد امریکی صدر مصر جائیں گے ۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز جنگ بندی کا سن کرتقریباً 2لاکھ فلسطینی شمالی غزہ میں اپنے گھروں کو واپس آچکے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں