افغان حکومت دہشتگردوں بالخصوص فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائی کرے:دفتر خارجہ

افغان حکومت دہشتگردوں بالخصوص فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائی کرے:دفتر خارجہ

کسی ملک سے تعلقات افغانستان کاا ندرونی معاملہ،ہماری فورسز اپنی سرحد میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں کرتی ہیں پاک تاجکستان سیاسی مشاورت کا ساتواں اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں ہوگا،غزہ جنگ بندی کا خیرمقدم ،ترجمان

اسلام آباد (وقائع نگار،اے پی پی)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے افغان حکومت کودہشت گردوں بالخصوص فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔ کسی ملک سے تعلقات افغانستان کاا ندرونی معاملہ ،ہماری سکیورٹی فورسز اپنے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی سرحدوں میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیاں کرتی ہیں ۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہاافغانستان کے کسی ملک سے تعلقات ان کا ندرونی معاملہ ہے ہم دو ممالک کے باہمی تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتے ۔ہماری ریاست اور شہریوں کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔یقین رکھتے ہیں افغانستان کو اپنی سکیورٹی اور سالمیت دوبارہ واپس لینی چاہئے ۔انہوں نے کہا پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں ہوگا۔

سیاسی مشاورت کا چھٹا اجلاس دوشنبے میں ہوا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سید علی اسد گیلانی نے کی جبکہ تاجکستان کی طرف سے نائب وزیر خارجہ فرخضو ارفضو نے سربراہی کی۔ بات چیت میں سیاسی اور پارلیمانی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع اور سلامتی سمیت دو طرفہ امور کا احاطہ کیا گیا۔ ترجمان نے کہا ملائشیا کے وزیر اعظم کی دعوت پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائشیا کا دورہ کیا۔فریقین نے سائنس،دفاع، ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔انہوں نے کہا پاکستان اسرائیلی افواج کی گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتا ہے ۔سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی فوجیوں کی حراست سے آزاد ہو چکے ہیں،پاکستان غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا بھی خیرمقدم کرتا ہے ۔ہم اس جنگ بندی ڈیل میں قطر،مصر اور سعودی عرب کے ان تھک کردار کو سراہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں