غزہ معاہدہ پر فریقین راضی،ہمارے کچھ لوگ خوش نہیں،معاملہ خود دیکھ رہا ہوں:سپیکرایاز صادق

غزہ معاہدہ پر فریقین راضی،ہمارے کچھ لوگ خوش نہیں،معاملہ خود دیکھ رہا ہوں:سپیکرایاز صادق

موٹروے جی ٹی روڈ جگہ جگہ سے بند ، اراکین پارلیمنٹ کو مشکلات ، عامر ڈوگر نے معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھادیا حکومت بلیک میلنگ کب تک برداشت کرے گی؟ ریاستی رٹ چیلنج ، وزارتِ داخلہ سخت اقدامات اٹھائے ، آسیہ اسحق پی پی کا بائیکاٹ ختم، وزیراعلیٰ سے معافی کا مطالبہ موخر ،کرپٹو کرنسی کے غلط استعمال کیلئے قواعد بنارہے ہیں ، طارق فضل

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں ) ٹی ایل پی احتجاج معاملے پر قومی اسمبلی میں شدید ردعمل سامنے آیا ،اپوزیشن رکن عامر ڈوگر اور رکن اسمبلی آسیہ اسحاق نے راستوں کی بندش کا معاملہ اٹھا دیا،عامر ڈوگر نے کہا کہ ار اکین قومی اسمبلی کو پارلیمنٹ ہائوس آنے پر مشکلات کا سامنا ہے ،موٹروے اور جی ٹی روڈ جگہ جگہ سے بند ہے ، جس پر سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ فلسطین کے لوگ معاہدے سے خوش ہیں وہاں جشن منایا جا رہا ہے ، کچھ لوگ پتہ نہیں کیا کر رہے ، فریقین آپس میں راضی ، مگر ہمارے یہاں کچھ لوگ خوش نہیں ہیں، میں راستوں کی بندش کے معاملے کو خود دیکھ رہا ہوں ، اجلاس کے دوران رکنِ قومی اسمبلی آسیہ اسحاق نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے وزارتِ داخلہ سے سخت اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ،تحریک لبیک والے ہر بار حکومت کو دباؤ میں لانے کیلئے اسلام آباد کا رخ کرتے ہیں، جو ریاستی رٹ کیلئے چیلنج بن چکا ہے ، حکومت ان کی بلیک میلنگ کب تک برداشت کرے گی؟ جب حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ہو چکا ،وہاں لوگ امن کی خوشیاں منا رہے ہیں،تو یہ احتجاج آخر کس مقصد کیلئے کیا جا رہا ہے ؟ اجلاس میںپیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی سے اپنا احتجاج ختم کر دیا ، پیپلز پارٹی کے اراکین نے ایوان کی کارروائی میں بھرپور شرکت کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے معافی کے مطالبے کو بھی فی الحال موخر کر دیا ، قومی اسمبلی میں ای پارلیمنٹ" نظام کے قیام کے لئے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے سپیکر ایاز صادق نے اعلان کیا کہ پارلیمنٹ کو پیپر لیس (کاغذ سے پاک) بنانے کے لئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں ،سپیکر نے بتایا کہ ای پارلیمنٹ کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا جا چکا ہے اور اس منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کر دیا گیا ۔

تمام اراکینِ قومی اسمبلی کو آئی پیڈز فراہم کر د ئیے گئے ہیں اور سیکرٹریٹ کا عملہ ممبران کو پاس ورڈز اور سسٹم سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کر رہا ،آئی پیڈز کی فراہمی کا مقصد اراکین کو الیکٹرانک آرڈرز آف دی ڈے ، سوالات کا کتابچہ اور پارلیمانی دستاویزات آن لائن مہیا کرنا ہے ، کچھ عرصے تک آرڈرز آف دی ڈے مینول (کاغذی) طریقے سے بھی فراہم کئے جائیں گے ، تاہم جب اراکین مکمل طور پر نئے نظام سے آگاہ ہو جائیں گے تو کاغذی دستاویزات کا اجرا بند کر دیا جائے گا ۔پیپلز پارٹی کی رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران نے حکومت کی کرپٹو کرنسی سے متعلق پالیسیوں میں پا ئے جانے وا لے تضاد اور ابہام پر گہری تشویش کا اظہار کیا ،سحر کامران نے کہا کہ ایک جانب حکومت کرپٹو کرنسی کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے ، جن میں پاکستان کرپٹو کونسل کا قیام، سٹرٹیجک بٹ کوائن ریزرو، بٹ کوائن مائننگ اور مصنوعی ذہانت کے منصوبوں کے لئے 2000 میگاواٹ بجلی مختص کرنا، ڈیجیٹل کرنسی پائلٹ لانچ کرنا اور بینکوں و فاریکس اداروں میں کرپٹو اپنانے کے اقدامات شامل ہیں ، جس پر وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ حکومت کرپٹو کرنسی کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے ریگولیشنز تیار کر رہی ہے ۔

،وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کرپٹو کرنسی کو ریگولیٹ کرنے کا عمل جاری ہے ، تاہم اس وقت یہ کرنسی ملک میں رائج یا منظور شدہ نہیں ، پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی آغا رفیع اللہ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے بتایاکہ مالی سال 25-2024 میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں کل منصوبوں کی تعداد 1093 ہے جن میں سے 901 منصوبے جاری ہیں ،پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز نے بتایاکہ این اے وی ٹی سی کے ذریعے وزارت تعلیم مہارت کی ترقی اعلیٰ قومی ادارے کے طو ر پر پاکستان میں جامع ترقی کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے ،وزیر پارلیمانی امور نے بتایاکہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے جون 2025میں ورچوئل اثاثہ جات سروس فراہم کرنے والوں پر ایف ٹی ایف اے کے معیارات پر عمل درآمد کے بارے میں ایک ٹار گیٹڈ اپ ڈیٹ رپورٹ شائع کی گئی تھی جس میں کرپٹو ، ورچوئل اثاثوں پر 117دائرہ اختیار سے سروے شامل تھا ، ورچوئل اثاثوں پر قانون سازی کی گئی ہے اور ورچوئل اثاثہ جات سروس فراہم کرنے والوں (وی اے ایس پی ایس )کے لئے لائسنس رجسٹریشن جاری کئے ہیں،رکن اسمبلی شائستہ پرویز کے سوال کے جواب میں بتایاگیاکہ پنک بس سروس وزارت وفاقی تعلیم نے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت کے تحت شروع کی ہے تاکہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی محنت کش خواتین اور طالبات کو ایک محفوظ اور بلامعاوضہ سفری سہولت فراہم کی جاسکے ، یہ سروس روزانہ چار ہزار سے زائد طالبات اور محنت کش خواتین کو فائدہ پہنچا رہی ہیں۔

رکن اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی کے سوال کے جواب میں بتایاگیاکہ حکومت پاکستان تمام سرکاری ملکیتی کاروباری اداروں کو اندورن اور غیر ملکی تعاون کے امتزاج کے ذریعے جدید بنانے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے ، رکن اسمبلی شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ وزارت وفاقی تعلیم نے گریڈ ایک تا پانچ ناظرہ سمیت قرآن پاک کی تعلیم او ر گریڈ چھ سے بارہ قرآن پاک کے ترجمے پانچ مذہبی مکتبہ ہائے فکرسے کی تدریس کو قرآن پاک کی تعلیم ایکٹ 2017کی رو سے لاز می قرار دیا ہے ،رکن اسمبلی عامر جیوا کے سوال کے جواب میں بتایاگیاکہ 24وفاقی سرکاری و نجی یونیورسٹیوں ، اعلیٰ تعلیمی اداروں نے تصدیق کی ہے کہ متعلقہ ادارہ میں سولر پلانٹس نصب ہیں اور فعال ہیں ، باقی چھ سولر پلانٹ نصب کرنے کے عمل ہیں، قومی اسمبلی میں نکتہ ہائے اعتراض اپوزیشن رکن اقبال آفریدی نے کہاکہ سی سی اوپشاور20دنوں سے ان کے کال اٹینڈنہیں کررہے ،جس سے ان کااستحقاق مجروح ہواہے ، پکڑی جانے والی منشیات مال خانوں میں تبدیل ہوجاتی ،میری درخواست ہے کہ ایک کمیٹی جاکرمال خانوں کا معائنہ کرے کہ مال خانوں میں رکھی منشیات اصلی ہے یا وہاں اس کی جگہ کچرا رکھا گیاہے ، بعدازاں قومی اسمبلی کااجلاس معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیاگیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں